کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار

نیو کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی، ناظم آباد، اسکیم 33 اور گڈاپ ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں بارش
اپ ڈیٹ 01 اگست 2026 03:51pm

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہر کے شمالی اور مضافاتی علاقوں سمیت کئی مقامات پر کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی آگئی ہے۔

شہر کے علاقوں نیو کراچی، ناگن چورنگی اور ناظم آباد میں بارش ہوئی، جبکہ نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاؤن میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ گلشنِ معمار، اسکیم 33، گڈاپ ٹاؤن اور دیگر قریبی علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔

بارش کے بعد شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ مختلف علاقوں میں بارش کے بعد شہریوں نے خوشگوار موسم کا لطف اٹھایا۔ بارش سے سڑکوں پر ہلکی پھسلن پیدا ہو گئی۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے کراچی میں 25 اور 26 جولائی کو بارش کی پیشگوئی کی تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مضافاتی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے تاہم سسٹم کے تحت وسطی شہر میں ہلکی بارش ہوگی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں کم سے کم درجۂ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں سمندری ہوائیں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔

Read Comments