بولی ووڈ اداکار ہریتھک روشن اور کنگنا رناوت کے درمیان برسوں پرانا تنازع پھر بھڑک اٹھا
بولی ووڈ اداکار ہریتھک روشن اور اداکارہ و بھارتی رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت کے درمیان دس سال پرانا تنازع ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گرم ہو گیا ہے۔ اس بار معاملے نے اس وقت نیا رخ اختیار کیا جب انٹرنیٹ پر ”دنیا ہریتھک روشن سے معذرت کی مقروض ہے“ کے عنوان سے ایک ٹرینڈ وائرل ہوا، جس کے بعد دونوں فنکاروں کے بیانات نے ایک نئی لفظی جنگ کو جنم دے دیا۔
یہ تنازع اس وقت دوبارہ سامنے آیا جب کنگنا رناوت کو بھارت میں تعلیمی نظام میں مبینہ بدعنوانی اور پرچہ لیک ہونے کے خلاف ہونے والے نوجوانوں کے احتجاج پر اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
کنگنا نے مظاہرین پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ایک ”مسئلہ پیدا کرنے والی نسل“ قرار دیا اور نوجوان خواتین کے لیے بھی سخت الفاظ استعمال کیے، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل دیا۔
اس تنقید کے بعد متعدد صارفین نے ہریتھک روشن اور کنگنا رناوت کے 2016 کے تنازع کو دوبارہ چھیڑ دیا اور ”دنیا ہریتھک روشن سے معذرت کی مقروض ہے“ کے نام سے مہم چلانا شروع کر دی۔ اس مہم میں دعویٰ کیا گیا کہ ماضی کے تنازع میں ہریتھک روشن کے ساتھ ناانصافی ہوئی تھی۔
اس دوران ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ہریتھک روشن نے لوگوں کو جذبات کے بجائے حقائق کی بنیاد پر رائے قائم کرنے کا مشورہ دیا۔
ہریتھک روشن نے لکھا، ”میرے دوست، صرف اس لیے کسی ایک فریق کا ساتھ دینا کہ اب آپ دوسرے فریق کو پسند نہیں کرتے، ہمارے معاشرے کے ایک بڑے مسئلے کی صرف ایک جھلک ہے۔ میں اس وقت تک انتظار کروں گا جب تک مکمل تناظر اور حقائق سامنے نہ آ جائیں۔ یہی منصفانہ رویہ ہوگا، اگرچہ آج کل شاید اس کی کسی کو پروا نہیں۔“
ہریتھک کا یہ جواب بہت تیزی سے وائرل ہو گیا اور لوگوں نے اسے کنگنا کے ساتھ ان کے پرانے معاملے سے جوڑ دیا۔
ہریتھک کا بیان سامنے آنے کے بعد کنگنا رناوت نے خاموش رہنے کے بجائے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر انہیں سخت جواب دیا۔ کنگنا نے کہا کہ پیارے ہریتھک، مجھے خوشی ہے کہ آپ کو صبا آزاد کی صورت میں اپنی پسندیدہ شریکِ حیات مل گئی۔ آپ دونوں ایک خوبصورت جوڑی لگتے ہیں اور ایک سنجیدہ رشتے میں ہیں، اس لیے آپ کو اس طرح کسی خاتون کو نشانہ بنانا زیب نہیں دیتا۔“
انہوں نے مزید کہا، ”جو لوگ آپ کا نام استعمال کر کے مجھے ہراساں کر رہے ہیں اور میرے خلاف مہم چلا رہے ہیں، آپ کو ان کی مذمت کرنی چاہیے۔ آگ میں مزید ایندھن ڈالنے کے بجائے اس معاملے کو ختم ہونے دیں۔ اپنے ایسے تبصروں سے اپنی ساتھی کو بھی شرمندہ نہ کریں۔ امید ہے کہ آپ آئندہ زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اور غیر ضروری بیانات دینے سے گریز کریں گے۔“
اس نئی بحث کی ایک وجہ کنگنا رناوت اور کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے ترجمان سوربھ داس کے درمیان ہونے والا حالیہ لفظی تبادلہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق طلبہ کے احتجاج سے متعلق کنگنا رناوت کے بیان پر سوربھ داس نے ردعمل دیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے مذاق میں کہا، ”میرے دوست کہتے ہیں کہ میں جوانی کے ہریتھک روشن جیسا لگتا ہوں، شاید اسی لیے کنگنا مجھ پر حملہ کر رہی ہیں۔“
سوربھ داس کے اس جملے کے بعد سوشل میڈیا پر میمز اور تبصروں کا سلسلہ شروع ہوا، جس نے ہریتھک روشن اور کنگنا رناوت کے پرانے تنازع کو ایک بار پھر زندہ کر دیا۔
واضح رہے کہ 2016 میں کنگنا نے ایک انٹرویو میں ہریتھک کو اپنا ’سابق قریبی دوست‘ کہا تھا جس سے ہریتھک نے صاف انکار کر دیا تھا اور پھر دونوں کے درمیان عدالت تک بات پہنچ گئی تھی۔ اسے بولی ووڈ کے سب سے زیادہ زیرِ بحث تنازعات میں شمار کیا جاتا ہے۔ تقریباً دس سال گزرنے کے بعد بھی یہ معاملہ وقفے وقفے سے سوشل میڈیا پردوبارہ سامنے آ جاتا ہے۔