خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن '11 گرج'، متعدد دہشت گرد ہلاک

کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے زیرِ استعمال ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا
شائع 02 اگست 2026 03:46pm

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ دو ماہ کے دوران دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جینس بنیادوں پر متعدد کامیاب کارروائیاں کیں، جن میں کئی خوارج ہلاک جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ”11 گرج“ کے تحت فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد خوارج کو ہلاک کیا۔

کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا تاکہ ان کی نقل و حرکت اور کارروائیوں کی صلاحیت کو ختم کیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ مختلف مقامات سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع باجوڑ میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گردوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے نصب کیے گئے متعدد دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بھی ناکارہ بنا کر تباہ کر دیے گئے، جس سے علاقے میں ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کو کم کرنے میں مدد ملی۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔

Read Comments