سرکاری حج اسکیم: عازمین کا اس بار کتنا خرچہ متوقع ہے؟
سرکاری حج اسکیم 2027 کے لیے درخواستوں کی وصولی آئندہ ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ وزارتِ مذہبی امور جلد حج پالیسی اور سرکاری اسکیم کا باضابطہ اعلان کرے گی۔
ذرائع کے مطابق اس سال بھی عازمین کو طویل اور مختصر دورانیے کے حج پیکجز میں سے انتخاب کا موقع دیا جائے گا، تاہم گزشتہ برس کے مقابلے میں اخراجات میں اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت تقریباً ایک لاکھ 7 ہزار 832 پاکستانی عازمین فریضۂ حج ادا کریں گے، جبکہ نجی حج اسکیم کے لیے 40 فیصد کوٹے کے تحت 71 ہزار 888 عازمین کو حج کی اجازت ملے گی۔
حج اخراجات دو اقساط میں وصول کیے جانے کا امکان ہے تاکہ عازمین پر یکمشت مالی بوجھ کم ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طویل دورانیے کے حج پیکج کی لاگت تقریباً 12 لاکھ روپے جبکہ مختصر دورانیے کے حج پیکج کی لاگت تقریباً 13 لاکھ روپے ہونے کا امکان ہے۔
سرکاری اسکیم کے تحت عازمین اپنی سہولت اور قیام کی مدت کو مدنظر رکھتے ہوئے طویل یا مختصر دورانیے کا پیکج منتخب کر سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستیں جمع کرا سکیں گے اور اپنے حج واجبات ادا کرنے کے اہل ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس مرحلے میں صرف پہلے سے رجسٹرڈ افراد ہی حج درخواستیں مکمل کر سکیں گے اور مقررہ شیڈول کے مطابق اپنے واجبات جمع کرائیں گے۔
وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے حج پالیسی، درخواستوں کی تاریخ، بینکوں کی فہرست، ادائیگی کے طریقہ کار اور دیگر تفصیلات کا باضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔