اسپائیڈر مین فلم کی معروف اداکارہ انتقال کر گئیں
ہولی ووڈ کی مشہور اور ہٹ فلم ’اسپائیڈر مین نو وے ہوم‘ میں نیڈ کی دادی کا یادگار کردار ادا کرنے والی سینئر اداکارہ میری ریویرا 83 برس کی عمر میں انتقال کرگئی ہیں۔
میری ریویرا کی وفات کے حوالے سے جاری تعزیتی بیان کے مطابق وہ 2 جون 1943 کو فلپائن کے شہر ایلوئیلو میں پیدا ہوئی تھیں اور 15 اپریل کو امریکی ریاست ہوائی کے شہر ہونولولو میں انتقال کر گئیں۔
خاندانی ذرائع اور امریکی خبر رساں ادارے ٹی ایم زی کے مطابق میری ریویرا کو فالج کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔
ان کے خاندان کے ایک فرد نے بتایا کہ میری ریویرا کو اسپائیڈر مین فلم میں کام کرنے پر انتہائی فخر تھا اور اس فلم میں کام ملنا ان کی زندگی کی سب سے بڑی اور پیاری کامیابیوں میں سے ایک تھا۔
فلم ”اسپائیڈر مین: نو وے ہوم“ میں میری ریویرا کا کردار مختصر تھا، لیکن اسے شائقین نے بہت پسند کیا۔ فلم میں انہوں نے نیڈ (جیکب بیٹالون) کی دادی لولا کا کردار ادا کیا تھا۔ ان کا ایک منظر اداکار اینڈریو گارفیلڈ کے پیٹر پارکر، نیڈ اور زندایا کے کردار ایم جے کے ساتھ تھا۔
فلم کے اس منظر میں نیڈ اور ایم جے ایک اہم صورتحال میں ہوتے ہیں، جب اینڈریو گارفیلڈ کا اسپائیڈر مین دوسرے کائناتی جہان سے ان کی مدد کے لیے سامنے آتا ہے۔ اسی دوران میری ریویرا کا کردار منظر میں داخل ہوتا ہے اور ماحول کو ہلکا پھلکا بنا دیتا ہے۔ نیڈ کے ترجمے کے ذریعے وہ پیٹر پارکر سے کہتی ہیں کہ وہ چھت پر چڑھ کر ایک مشکل جگہ پر لگی مکڑی کا جالا صاف کرے۔
ان کے انتقال پر مداحوں اور ساتھیوں نے تعزیتی پیغامات میں گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ میری ریویرا نے اپنے پسماندگان میں شوہر الیگزینڈر ریویرا اور چار بچوں کارمیلا، پال، ایڈون اور اینجلا کو سوگوار چھوڑا ہے۔
میری ریویرا کے مداح انہیں ان کے خوش مزاج انداز اور یادگار اداکاری کے باعث طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔