پاکستان ریلویز کا 2 بند ٹرینیں دوبارہ چلانے کا اعلان
وزارت ریلویز نے 2 مسافر ٹرینیں دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے، دونوں ٹرینیں کورونا وائرس کے باعث بند کر دی گئی تھیں۔
بدھ کے روز وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے مسافروں کے پر زور اصرار اور ریلوے کے مفاد میں طویل عرصے سے بند 2 مسافر ٹرینیں دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان ریلویز کی جانب سے بابو مسافر ٹرین اور ساندل ایکسپریس کو آئندہ 2 ہفتوں کے دوران بحال کر دیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق لاہور سے لالہ موسیٰ جانے والی بابو مسافر ٹرین کو 20 اگست کو بحال کر دیا جائے گا جب کہ ملتان سے براستہ جھنگ اور سرگودھا جانے والی ساندل ایکسپریس بھی 21 اگست سے پٹڑی پر دوڑنا شروع کردے گی۔
یاد رہے کہ یہ دونوں ٹرینیں کورونا وائرس کے باعث بند کردی گئی تھیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ رواں سال مزید بند ٹرینیں بھی بحال کریں گے، انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور مسافروں کی آسانیوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
