سندھ حکومت نے اسکولوں میں ہفتے کی چھٹی پر یوٹرن لے لیا

فیصلے کا اطلاق صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر یکساں طور پر ہوگا: محکمہ تعلیم سندھ
شائع 05 اگست 2026 05:57pm

سندھ حکومت نے ہفتے کے روز تعطیل سے متعلق اپنے گزشتہ فیصلے پر یوٹرن لیتے ہوئے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے جب کہ نصاب کی بروقت تکمیل کے لیے تدریسی اوقات میں روزانہ ایک گھنٹے کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔

بدھ کے روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی منظوری کے بعد محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات بحال کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق نئے فیصلے کے تحت تمام سرکاری اور نجی اسکول پیر سے جمعہ تک ہفتے میں 5 روز تدریسی سرگرمیاں جاری رکھیں گے جب کہ ہفتہ اور اتوار کو تعطیل ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق ہفتے کی تعطیل کے باعث تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر ہونے سے بچانے، نصاب کی بروقت تکمیل اور تعلیمی معیار برقرار رکھنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر تدریسی اوقات میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جائے گا۔

ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سندھ حکومت کے کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور توانائی کے وسائل کی بچت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ حکومتی پالیسی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں اور تعلیمی معیار بھی برقرار رہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر یکساں طور پر ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ حکومت نے موسم گرما کی 2 ماہ کی تعطیلات کے اختتام کے بعد یکم اگست 2026 سے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں پیر سے ہفتے تک 6 روزہ تدریسی ہفتہ نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے تحت ہفتے کے روز بھی تدریسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

اس دوران صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے بھی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ سندھ بھر کے تمام سرکاری اسکول ہفتے کے روز بھی کھلے رہیں گے جب کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے اعلامیے میں بھی یکم اگست سے ہفتے میں 6 روز تدریسی سرگرمیاں جاری رکھنے کا ذکر کیا گیا تھا۔

Read Comments