پاکستان میں آج پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں جانیے

پیٹرول کی قیمت میں اس عرصے کے دوران مجموعی طور پر پانچ بار کمی کی گئی اور سات بار اضافہ کیا گیا
شائع 06 اگست 2026 08:43am

پاکستان بھر میں آج پیٹرول کی قیمت 333 روپے 01 پیسے فی لیٹر ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 383 روپے 62 پیسے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد 6 اگست کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 45 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں صرف دو روپے کی کمی کی گئی ہے۔

اگر 20 جولائی سے لے کر اب تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے مجموعی اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اس عرصے کے دوران مجموعی طور پر پانچ بار کمی کی گئی اور سات بار اضافہ کیا گیا، جبکہ ایک دن اس کی قیمت برقرار رہی۔

اس کے برعکس ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اس پورے عرصے کے دوران صرف چار بار معمولی کمی کی گئی جبکہ 8 بار اس کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا۔

تاریخی ترتیب کے مطابق 20 جولائی کو پیٹرول 35 پیسے سستا ہوا تھا جبکہ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے مہنگا کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد 21 جولائی سے 24 جولائی تک مسلسل چار دن دونوں ایندھنوں کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھائی گئیں۔ 25 جولائی کو قیمتیں بغیر کسی تبدیلی کے برقرار رہیں، جس کے بعد 27 جولائی کو پیٹرول 1 روپیہ سستا اور ڈیزل 3 روپے 37 پیسے مہنگا ہوا۔ پھر 28 جولائی کو دونوں کی قیمتیں بڑھیں، 29 جولائی کو پیٹرول 75 پیسے سستا مگر ڈیزل 2 روپے 24 پیسے مہنگا ہوا، اور 30 جولائی کو دونوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کی پالیسی کے حوالے سے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ”پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، اور اوگرا روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرکے ویب سائٹ پر لگایا کرے گی“۔

حکومت کی جانب سے یہ وضاحت سامنے آئی ہے کہ ماضی میں بین الاقوامی منڈی کے نرخوں، ڈالر کی قدر اور ٹیکسوں کی شرح کا جائزہ ہر 15 روز بعد لیا جاتا تھا، تاہم امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں، اسی لیے عوامی سہولت اور منڈی کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے یہ نیا روزانہ کا نظام نافذ کیا گیا ہے۔

Read Comments