عمران ہاشمی کی نئی فلم 'آوارہ پن 2'، سینسر بورڈ کا کئی متنازع سین نکالنے کا حکم
بولی ووڈ اداکار عمران ہاشمی کی نئی آنے والی فلم ’آوارہ پن 2‘ کو سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) یعنی سینسر بورڈ کی جانب سے یو/اے 16+ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ہے۔ اس سرٹیفکیٹ کے تحت 16 سال یا اس سے زیادہ عمر کے نوجوان والدین یا سرپرست کی نگرانی میں فلم دیکھ سکیں گے۔
سینسر سرٹیفکیٹ کے مطابق فلم کو 5 اگست 2026 کو منظوری دی گئی۔ فلم کا دورانیہ 140 منٹ اور 20 سیکنڈ مقرر کیا گیا ہے اور اسے ہندی زبان کے ساتھ انگریزی سب ٹائٹلز میں 14 اگست 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے پہلے سینسر بورڈ نے فلم سازوں کو 9 مختلف جگہوں پر تبدیلی اور کاٹ چھانٹ کرنے کی ہدایت دی تھی۔
سینسر بورڈ کے جاری کردہ سرٹیفکیٹ کے مطابق فلم میں دکھائے جانے والے تشدد کے مناظر کو کم کیا گیا ہے ان میں منشیات کے استعمال، تمباکو نوشی اور بچوں کی اسمگلنگ سے متعلق انتباہی پیغامات شامل کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا۔
بورڈ نے فلم کا ہندی عنوان واضح طور پر دکھانے، مختلف مقامات پر منشیات کے خلاف پیغامات شامل کرنے اور اسکرین پر مستقل اینٹی اسموکنگ وارننگ دکھانے کی بھی ہدایت کی۔
سینسر بورڈ نے فلم کی زبان اور ایکشن مناظر میں بھی تبدیلیاں کرائیں۔ آڈیو اور سب ٹائٹلز میں موجود غیر مناسب الفاظ کو تبدیل کرنے کا حکم دیا گیا، جبکہ تشدد پر مبنی کئی مناظر کو مختصر کیا گیا۔
ایک منظر میں تشدد کی شدت تقریباً 50 فیصد تک کم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اسی طرح منشیات سونگھنے کا ایک منظر بھی ایڈٹ کیا گیا، جبکہ فلم کے اختتامی کریڈٹس کو پس منظر کی موسیقی کے مطابق دوبارہ ترتیب دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر فلم سے 4 منٹ کے مناظر حذف کیے گئے جبکہ 20 سیکنڈ کا مواد تبدیل کیا گیا، جس کے بعد فلم کا حتمی دورانیہ 140 منٹ اور 20 سیکنڈ برقرار رکھا گیا۔
نیتن ککڑ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں عمران ہاشمی کے ساتھ دیشا پٹانی اور شبانہ اعظمی بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گی۔
یہ فلم سال2007 میں ریلیز ہونے والی مشہور فلم ’آوارہ پن‘ کا سیکوئل ہے،جس میں پہلے حصے کے جذباتی انداز کو برقرار رکھتے ہوئے انتقام پر مبنی ایک نئی اور نسبتاً تاریک کہانی پیش کی گئی ہے۔
فلم کے پروڈیوسر وشیش بھٹ ہیں، جبکہ موسیقار متھون اور نغمہ نگار سعید قادری بھی ایک بار پھر اس منصوبے کا حصہ ہیں۔ انہوں نے پہلی فلم کے مقبول گانے ’تو پھر آؤ‘ اور ’تیرا میرا رشتہ‘ کو نئے انداز میں دوبارہ پیش کیا ہے، اس کے علاوہ فلم میں نئے گانے بھی شامل کیے گئے ہیں۔