ٹیلی پرامپٹر میں خرابی پر کینیڈین وزیراعظم کا ٹرمپ پر طنز

کینیڈین وزیراعظم کے اس جملے پر نیوز کانفرنس میں موجود صحافیوں اور شرکاء نے قہقہے لگائے
شائع 06 اگست 2026 11:46am

کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران ٹیلی پرامپٹر اچانک بند ہونے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ہلکا پھلکا طنز کیا، جس پر وہاں موجود صحافی ہنس پڑے۔

یہ واقعہ بدھ کے روز ٹورنٹو میں ہاؤسنگ پالیسی سے متعلق ایک پریس کانفرنس کے دوران پیش آیا، جب وزیراعظم مارک کارنی تقریر کر رہے تھے اور اچانک ان کے ٹیلی پرامپٹر نے کام کرنا بند کردیا۔

مارک کارنی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو اطلاع دینا چاہتا ہوں کہ ٹیلی پرامپٹر نے کام کرنا بند کر دیا ہے۔ ایک مخصوص عالمی رہنما کے برعکس، میں اسے کسی سازش کا حصہ نہیں سمجھتا۔

ان کے اس جملے پر نیوز کانفرنس میں موجود صحافیوں اور شرکاء نے قہقہے لگائے۔

کارنی کا یہ تبصرہ بظاہر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گزشتہ برس کے اس واقعے کی طرف اشارہ تھا، جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ان کی تقریر کے دوران ٹیلی پرامپٹر نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور ایک برقی سیڑھی (ایسکلیٹر) بھی رک گئی تھی۔

اس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ان واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں ممکنہ سازش قرار دیا تھا۔

مارک کارنی کے دفتر اور وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ وائٹ ہاؤس آنے کے بعد امریکا اور کینیڈا کے تعلقات میں کشیدگی دیکھی جا رہی ہے۔ ٹرمپ نے کینیڈا پر وسیع تجارتی محصولات (ٹیرف) عائد کیے تھے اور یہ بھی کہا تھا کہ کینیڈا کو امریکا کی 51ویں ریاست بن جانا چاہیے۔

دوسری جانب وزیراعظم مارک کارنی متعدد مواقع پر کہہ چکے ہیں کہ وہ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ کینیڈا کو سفارتی اور معاشی طور پر امریکا پر اپنا انحصار کم کرنا ہوگا۔

مارک کارنی نے عالمی سطح پر بھی اس وقت توجہ حاصل کی تھی جب انہوں نے کہا تھا کہ ”قواعد پر مبنی عالمی نظام اب ختم ہو چکا ہے“ اور بڑی طاقتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ”معاشی انضمام کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔“

Read Comments