برطانیہ میں بجلی کے نظام میں خرابی سے ریلوے کا نظام درہم برہم، متعدد ٹرینیں منسوخ

بجلی کے نظام میں خرابی کے باعث انگلینڈ میں مختلف روٹس پر ٹرین آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔
شائع 06 اگست 2026 07:36pm

برطانیہ میں بجلی کے نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر میں ریلوے کا نظام شدید متاثر ہو گیا ہے۔ گریٹر مانچسٹر، مڈلینڈز اور نارتھ ویسٹ سمیت کئی علاقوں میں ٹرینیں منسوخ، تاخیر کا شکار یا متبادل روٹس پر چلائی جا رہی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق نیشنل ریل کے کمیونیکیشن سینٹر کو بجلی کی فراہمی میں خرابی کے باعث انگلینڈ کے مختلف ریلوے روٹس پر ٹرین آپریشن متاثر ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق نیشنل ریل کے کمیونکیکشن سینٹر کو بجلی فراہمی میں تعطل کے نتیجے میں متعدد ٹرینیں منسوخ، تاخیر کا شکار یا اپنے مقررہ روٹس میں تبدیلی کے ساتھ چلائی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ نیشنل ریل برطانیہ میں مسافر ٹرینیں چلانے والی مختلف نجی اور سرکاری کمپنیوں کا ایک مشترکہ ٹکٹنگ پورٹل ہے جس کا بنیادی کام تمام ٹرین کمپنیوں کی ٹکٹنگ، مشترکہ ویب سائٹ کا انتظام اور مسافروں کو تمام ٹرینوں سے متعلق سفری معلومات فراہم کرنا ہے۔

نیشنل ریل نے الرٹ جاری کیا ہے کہ ٹرینوں کے نظام میں یہ خلل جمعرات کی رات تک برقرار رہنے کا امکان ہے، اس لیے مسافر گھر سے نکلنے سے پہلے اپنا روٹ اور ٹرین کی تفصیل ضرور معلوم کریں۔

نیشنل ریل کے مطابق اس وقت پانچ ریلوے آپریٹرز کی سروسز متاثر ہیں جن میں ایوانٹی ویسٹ کوسٹ، ایسٹ مڈلینڈز ریلوے، ناردرن، ٹرانس پینائن اور ٹرانسپورٹ فار ویلز شامل ہیں۔

نیشنل ریل کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر مسافروں کو مسلسل اپڈیٹ کیا جارہا ہے۔ ریلوے نظام میں خرابی سے متعلق پہلی پوسٹ مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 2 بج کر 18 منٹ پر سامنے آئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ متاثرہ سروسز کم از کم شام 4 بجے تک بحال ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

بعد ازاں ادارے نے واضح کیا کہ ریلوے کے نظام میں تعطل کمیونیکیشن سینٹر میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث پیدا ہوا ہے اور اس کے اثرات دن بھر جاری رہ سکتے ہیں۔

Read Comments