تھائی لینڈ کے اسکول میں فائرنگ، 7 افراد ہلاک، حملہ آور نے خودکشی کر لی

14 سالہ طالب علم نے مبینہ طور پر دادا دادی کو قتل کرنے کے بعد اسکول میں حملہ کیا
اپ ڈیٹ 07 اگست 2026 11:54am

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے مضافاتی علاقے میں واقع ایک ہائی اسکول میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ حکام کے مطابق 14 سالہ مبینہ حملہ آور نے اسکول جانے سے قبل اپنے دادا دادی کو بھی قتل کر دیا تھا۔ فائرنگ کے واقعے میں اسکول کے اندر چار اساتذہ سمیت 7 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے، جبکہ حملہ آور نے خود کشی کرلی۔

تھائی لینڈ کے صوبے نونتھابوری کے ضلع بنگ کروئی میں واقع ڈیبسیرن نونتھابوری ہائی اسکول میں ہونے والی فائرنگ کے افسوسناک واقعے سے متعلق تحقیقات میں نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

تھائی لینڈ کے وزیر صحت کے مطابق نویں جماعت کے 14 سالہ مبینہ حملہ آور نے اسکول جانے سے قبل اپنے دادا اور دادی کو بھی مبینہ طور پر قتل کر دیا تھا۔ دونوں کی لاشیں ان کے گھر سے برآمد ہوئیں۔

پولیس کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والی 9 ملی میٹر پستول حملہ آور کے دادا کی تھی، جو پیشے کے اعتبار سے ایک استاد تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد مبینہ حملہ آور بھی مردہ حالت میں پایا گیا۔

پولیس نے ابتدا میں واقعے میں چھ افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی، تاہم بعد ازاں وضاحت کی گئی کہ اسکول کے اندر چار افراد جاں بحق ہوئے اور یہ چاروں اساتذہ تھے۔ اس کے علاوہ حملہ آور بھی ہلاک ہو چکا ہے۔

حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد زخمی ہوئے، جن میں طلبہ اور دیگر افراد شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

واقعے کے بعد اسکول میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات شروع کر دیں۔

تاحال حملے کے محرکات کے بارے میں کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

دوسری جانب تھائی اپوزیشن کے رہنما نتھافونگ روئنگپنیاؤت نے اس واقعے کے بعد ملک میں اسلحہ رکھنے اور اس کے استعمال سے متعلق قوانین پر ازسرنو غور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے فیس بک پر اپنے بیان میں کہا کہ اگرچہ حملے کی اصل وجہ ابھی سامنے نہیں آئی، لیکن ایک ایسے تعلیمی ادارے میں تشدد کا یہ واقعہ، جو معاشرے کی محفوظ ترین جگہوں میں شمار ہوتا ہے، اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ اسلحہ کنٹرول کے قوانین کا سنجیدگی اور منظم انداز میں جائزہ لیا جائے۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور مزید شواہد سامنے آنے پر مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

Read Comments