سری لنکا کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کے فرار کی کوشش، 3 ہلاک

منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان کشیدگی کو بدامنی کی وجہ قرار دیا گیا، پولیس اور اسپیشل فورسز نے حالات پر قابو پالیا
شائع 08 اگست 2026 12:40pm

سری لنکا کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کے ہنگاموں نے صورتحال کشیدہ کردی، جس کے نتیجے میں 3 قیدی ہلاک اور 23 زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق پولیس اور اسپیشل فورسز نے کارروائی کرکے تینوں جیلوں میں حالات پر قابو پالیا، جبکہ حکومت نے بدامنی کے واقعات کے باہمی طور پر منظم ہونے کے امکان کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

سری لنکا میں مختلف جیلوں میں قیدیوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس اور اسپیشل فورسز کو تعینات کردیا گیا ہے۔

سری لنکا کے وزیر عوامی سلامتی آنندا وجے پالا نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ دارالحکومت کولمبو کی نیو میگزین جیل میں جمعرات کی رات تقریباً 40 قیدیوں نے اپنی بیرکوں سے باہر نکلنے کی کوشش کی، جس کے دوران ایک قیدی ہلاک ہوگیا۔

وزیر کے مطابق جمعہ کی صبح دارالحکومت سے تقریباً 80 کلومیٹر دور کروویتہ جیل میں بھی قیدیوں نے ہنگامہ آرائی کی، جس کے دوران مزید دو قیدی ہلاک ہوگئے۔

حکام کے مطابق دونوں واقعات میں مجموعی طور پر 23 قیدی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس اور اسپیشل فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں جیلوں میں صورتحال پر قابو پالیا۔

دوسری جانب پولیس نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ ساحلی شہر نیگومبو کی ایک اوپن جیل میں بھی جمعہ کو قیدیوں نے احتجاج کیا، جس پر قابو پانے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

حکام کے مطابق تینوں جیلوں میں ہنگامہ آرائی کے دوران بعض قیدی جیل کی چھتوں پر چڑھ گئے جبکہ کچھ کھلے علاقوں میں پہنچ گئے تھے۔ فسادات پر قابو پانے والی پولیس نے انہیں واپس بیرکوں میں منتقل کردیا۔

وزیر عوامی سلامتی آنندا وجے پالا نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ ابتدائی طور پر جیلوں میں ہونے والی بدامنی کا تعلق منشیات فروشوں اور ایک دوسرے کے مخالف جرائم پیشہ گروہوں سے جوڑا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ آیا مختلف جیلوں میں ہونے والے یہ واقعات ایک دوسرے سے مربوط اور منظم تھے یا نہیں۔

وزیر نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ تمام واقعات کو ایک ساتھ دیکھا جائے تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کے پیچھے منصوبہ بندی اور جیل نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہوسکتی ہے، تاہم جامع تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جاسکے گا۔

سری لنکا کے حکام کے مطابق ملک کی جیلوں میں قیدیوں کی تعداد گنجائش سے کہیں زیادہ ہے، جس کے باعث جیل نظام کو پہلے ہی دباؤ کا سامنا ہے۔ حکومت نے حالیہ ہنگاموں کے بعد سکیورٹی مزید سخت کردی ہے اور واقعات کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔

Read Comments