مردہ جلد اور چہرے کے باریک بالوں سے نجات کے لیے آسان فیس پیک

اس کا باقاعدگی سے استعمال چہرے کے غیر ضروری بال کم کرنے اور جلد کی چمک بڑھانے میں مدد دے سکتا ہے۔
شائع 08 اگست 2026 03:18pm

آج کل کی نو عمر لڑکیاں اور خواتین اکثر چہرے کے چھوٹے بالوں اور بے رونقی کی وجہ سے پریشان رہتی ہیں۔ چہرے پر اگنے والے یہ باریک بال نہ صرف چہرے کی رنگت کو دبا دیتے ہیں بلکہ اس سے جلد کی قدرتی چمک بھی ختم ہو جاتی ہے۔ اس پریشانی کے حل کے لیے بازار کی کیمیکل والی چیزوں، ویکسنگ اور تھریڈنگ کے بجائے گھر میں موجود قدرتی اشیاء کا استعمال زیادہ مفید اور محفوظ بتایا جاتا ہے۔

دودھ، چینی، چاول کے آٹے، لیموں اور ناریل کے تیل سے تیار کیا جانے والا یہ گھریلو نسخہ مردہ جلد صاف کرنے اور چہرے کے باریک بالوں کو ہٹانے میں مدد دے سکتا ہے۔

اس گھریلو فیس پیک کو بنانے کے لیے سب سے پہلے ایک پیالی میں دو سے تین چمچ چاول کا آٹا لیں۔ پھر ایک چائے کا چمچ چینی اور تھوڑا سا دودھ ڈال کر اچھی طرح ملا لیں تاکہ چینی پوری طرح گھل جائے۔

یاد رہے کہ اگر چینی کے دانے نہ گھلے تو چہرے پر مساج کرتےہوئے اور فیس پیک اتارتے وقت جلد چھلنے اور زخمی ہونے کا ڈر رہتا ہے۔ اس کے بعد اس میں آدھے لیموں کا رس اور چند قطرے ناریل کا تیل ملا لیں۔ ناریل کا تیل ملانے سے یہ پیسٹ چہرے سے اترنے میں آسانی پیدا کرتا ہے۔ ان تمام چیزوں کو ملا کر پیسٹ تیار کر لیں اور چہرے پر لگا لیں۔

جب یہ پیسٹ پندرہ سے بیس منٹ میں خشک ہو جائے تو بالوں کے اگنے کی الٹی سمت میں ہلکے ہاتھوں سے مساج کرتے ہوئے اسے صاف کریں۔ چاول کا آٹا اور چینی جلد کی اوپری سطح سے مردہ خلیات دور کرنے میں مدد کرسکتے ہیں، جبکہ مساج کے دوران چہرے کے بہت باریک بال بھی کچھ حد تک نکل سکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں چہرہ وقتی طور پر زیادہ صاف اور روشن دکھائی دیتا ہے۔

اس فیس پیک کو باقاعدگی سے استعمال کرنے سے چہرے کے غیر ضروری بال کم کرنے اور جلد کی چمک بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم ہر شخص کی جلد مختلف ہوتی ہے اور بار بار رگڑنے یا لیموں کے استعمال سے بعض لوگوں کو جلن، خشکی یا سرخی ہوسکتی ہے۔

خاص طور پر حساس جلد رکھنے والے افراد کو اس نسخے کے استعمال میں احتیاط کرنی چاہیے۔ لیموں جلد کو زیادہ حساس بنا سکتا ہے، اس لیے اسے لگانے کے بعد دھوپ میں جانے سے بھی احتیاط ضروری ہے۔

ماہرین عام طور پر کسی بھی نئے گھریلو نسخے کو پورے چہرے پر لگانے سے پہلے چھوٹی جگہ پر پیچ ٹیسٹ کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اگر خارش، جلن، سوجن یا سرخی محسوس ہو تو اسے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

Read Comments