سہہ فریقی مکّہ معاہدہ: پاکستان کو ملنے والے فوائد سے بھارت پریشان

ترکیہ کی دفاعی ٹیکنالوجی، سعودی عرب کے وسائل اور پاکستان کی آپریشنل صلاحیتیں اہم دفاعی امتزاج بن سکتی ہیں
شائع 09 اگست 2026 09:06am

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کے ممکنہ فوائد کا اعتراف بھارتی میڈیا بھی کرنے لگا ہے، جس نے سہہ فریقی دفاعی معاہدے کو پاکستان کے لیے اہم دفاعی پیش رفت قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دفاعی انضمام، مشترکہ فوجی مشقیں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پاکستان کی دفاعی صلاحیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ دفاعی پیداوار سے پاکستان کی دفاعی تیاری مزید مضبوط ہوسکتی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی مالی معاونت اور ترکیہ کی دفاعی ٹیکنالوجی پاکستان کے اہم اسٹریٹجک مفاد میں ہے، جبکہ ترکیہ کی ٹیکنالوجی، سعودی عرب کے وسائل اور پاکستان کی آپریشنل صلاحیتیں مل کر ایک مؤثر دفاعی امتزاج تشکیل دے سکتی ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون خطے میں اہم پیش رفت ہے، جس کے اثرات بھارت کے لیے ایک چیلنج بن سکتے ہیں۔

Read Comments