پاکستانیوں کے لیے حج کا خرچہ 13 لاکھ روپے تک پہنچ گیا
پاکستان میں عازمین حج کے لیے نئے حج اخراجات کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق سرکاری حج سکیم کے تحت 2027 میں فریضہ حج ادا کرنے والے عازمین کو تقریباً 13 لاکھ روپے تک ادائیگی کرنا ہوگی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پیر کے روز پریس کانفرنس میں حج پیکج سے متعلق تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ عازمین حج کی جانب سے ادائیگیوں کا آغاز 17 اگست سے ہوگا، جبکہ حج درخواستوں کا تمام عمل ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت پاکستان نے 22 جون کو حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کی منظوری دی تھی، تاکہ حج آپریشن کا ابتدائی مرحلہ بروقت شروع کیا جا سکے۔
سرکاری حج سکیم کے تحت 2027 میں 1 لاکھ 7 ہزار 526 عازمین حج سعودی عرب جائیں گے۔ سرکاری سکیم کے مطابق حج کا دورانیہ 40 دنوں پر مشتمل ہوگا، جس کے لیے فی عازم حج تقریباً 12 لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے۔
وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بتایا کہ مختصر دورانیے کی حج سکیم کے اخراجات 13 لاکھ روپے فی عازم حج ہوں گے، جبکہ اس اسکیم کے تحت حج کا دورانیہ 20 سے 25 دنوں پر مشتمل ہوگا۔
حکومت نے مختصر دورانیے کی حج سکیم کے لیے 30 ہزار عازمین حج کا کوٹہ مختص کیا ہے۔ پہلی قسط کی وصولی کا عمل 17 اگست سے شروع ہوگا۔
حج 2027 کے لیے حکومت نے پورے نظام کو ڈیجیٹل کردیا ہے۔ اب عازمین حج کی درخواستیں حج ایپلیکیشنز کے ذریعے جمع ہوں گی، جبکہ حج اخراجات کی ادائیگی بھی پاک حج ایپلیکیشن اور آن لائن پورٹل کے ذریعے کی جائے گی۔
سرکاری حکام کے مطابق حج 2027 کے لیے حکومت نے حبیب بینک لمیٹڈ کو شراکت دار بینک مقرر کیا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور کے مطابق نجی حج سکیم کے تحت 71 ہزار 684 عازمین حج سعودی عرب جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نجی سکیم کے تحت جانے والے عازمین کو بھی حج فیس کی ادائیگی حکومت کے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہی کرنا ہوگی۔