سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی اور ان کی اہلیہ کو قتل کی دھمکیاں
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کو جان سے مارنے کی دھمکیوں کے معاملے پر کولکتہ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ سارو گنگولی نے موصول ہونے والے دھمکی آمیز خطوط کے بعد پولیس سے شکایت کردی جب کہ حالیہ خطوط میں دونوں کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز سابق بھارتی کرکٹر سارو گنگولی، جو اس وقت کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے صدر بھی ہیں، نے جنوبی کولکتہ کے ٹھاکرپکور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔
پولیس کے مطابق سارو گنگولی کے دفتر میں پیر کو 2 خطوط موصول ہوئے، جن میں انہیں اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کو جان سے مارنے اور ان کے قریبی لوگوں کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
شکایت کے مطابق گزشتہ تقریباً 6 ماہ سے سارو گنگولی کے نام پر خطوط موصول ہورہے تھے تاہم ابتدائی طور پر انہیں سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔
پولیس نے دھمکی آمیز خطوط کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور خطوط کے متن، انہیں بھیجنے والے شخص اور کورئیر کے ذریعے ان کی ترسیل سے متعلق معلومات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ یہ خطوط ممکنہ طور پر کورئیر سروس کے ذریعے شمالی 24 پرگنہ ضلع کے بیلگھاریا علاقے سے بھیجے گئے۔
پولیس مبینہ طور پر خط بھیجنے والے شخص کی جانب سے استعمال کیے گئے سم کارڈ کی نقل و حرکت کا بھی جائزہ لے رہی ہے جب کہ متعلقہ کورئیر ایجنسی سے بھی ان خطوط کی ترسیل سے متعلق تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔
تفتیشی حکام یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ آیا سارو گنگولی کے نام پر گزشتہ 6 ماہ کے دوران موصول ہونے والے تمام خطوط ایک ہی شخص نے بھیجے یا ان کے پیچھے مختلف افراد ملوث ہیں۔
پولیس دھمکیوں کی وجہ اور خطوط بھیجنے والے شخص کی شناخت کے لیے مزید تحقیقات کررہی ہے۔