بابر اعظم کی 2 سال بعد دوبارہ ٹاپ 10 میں واپسی

ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد عبداللہ شفیق اور ساجد خان کی بھی رینکنگ میں لمبی چھلانگ
شائع 12 اگست 2026 06:53pm

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا صلہ پاکستان ٹیم کے 3 بڑے کھلاڑیوں کو تازہ ترین انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ رینکنگ میں نمایاں ترقی کی صورت میں مل گیا ہے، ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے تقریبا 2 سال بعد دوبارہ ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی ہے جب کہ قومی بیٹر عبداللہ شفیق اور ساجد خان نے بھی ترقی حاصل کی ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی کے بعد قومی ٹیم کے 3 کھلاڑیوں نے تازہ آئی سی سی ٹیسٹ پلیئر رینکنگ میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست دے کر بیرون ملک ٹیسٹ کامیابی کے 3 سال سے زائد عرصے کے انتظار کا خاتمہ کیا اور اس کامیابی میں کپتان بابر اعظم جب کہ ٹیم میں واپس آنے والے بلے باز عبداللہ شفیق اور اسپنر ساجد خان نے اہم کردار ادا کیا۔

بابر اعظم نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 88 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ دوسری اننگز میں ناقابل شکست 24 رنز بنا کر پاکستان کو کامیابی دلائی۔

آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم 5 درجے ترقی کرکے ٹیسٹ بلے بازوں کی فہرست میں 10ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بابر اعظم ستمبر 2024 کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ بلے بازوں کی ٹاپ 10 رینکنگ میں شامل ہوئے ہیں۔

عبداللہ شفیق نے بھی رینکنگ میں بڑی چھلانگ لگائی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ناقابل شکست 160 رنز بنانے والے عبداللہ شفیق 25 درجے ترقی کرکے ٹیسٹ بلے بازوں کی فہرست میں 32ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

پاکستان کے اسپنر ساجد خان نے بھی ٹیسٹ رینکنگ میں بہتری حاصل کی ہے اور وہ 5 درجے ترقی کرکے ٹیسٹ بولرز کی فہرست میں 30ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جب کہ ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھی ساجد خان نے 5 درجے بہتری کے بعد 32ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ ٹیسٹ بولرز کی فہرست میں سرفہرست ہیں اور ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے رویندرا جڈیجا نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

تازہ ون ڈے رینکنگ میں بھی افغانستان اور آئرلینڈ کے درمیان حالیہ 2 میچز کے بعد تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ افغانستان کے اوپنر رحمان اللہ گرباز نے بیلفاسٹ میں 71 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد 3 درجے ترقی حاصل کی اور ون ڈے بلے بازوں کی فہرست میں 11ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

افغانستان کے حشمت اللہ شاہدی 4 درجے ترقی کرکے ون ڈے بلے بازوں کی رینکنگ میں 50ویں نمبر پر آگئے جب کہ آئرلینڈ کے آل راؤنڈر کرٹس کیمفر دوبارہ رینکنگ میں شامل ہوگئے اور مشترکہ طور پر 59ویں نمبر پر ہیں۔

افغانستان کے کپتان راشد خان نے آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں مسلسل 2 مرتبہ پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے جب کہ ان کی نمایاں کارکردگی میں سیریز کے دوسرے میچ میں 6 وکٹیں حاصل کرنا بھی شامل ہے۔

اسی طرح آئرلینڈ کے فاسٹ بولر مارک ایڈیئر بھی ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں دوبارہ شامل ہوگئے ہیں اور 17ویں نمبر پر موجود ہیں۔

Read Comments