بلوچستان: بارودی مواد سے بھری گاڑی پھٹنے اور فورسز کی کارروائی میں 18 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع سوراب میں دہشت گردی کی غرض سے تیار کی جانے والی بارودی مواد سے بھری گاڑی تیاری کے مرحلے میں پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور جائے وقوعہ پر موجود بارودی مواد کے مزید دھماکوں کے نتیجے میں ملحقہ علاقے کے 3 شہری بھی جاں بحق ہوئے جب کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ کلیئرنس آپریشن کے دوران فرار ہونے والے مزید 10 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 12 اگست کو بلوچستان کے ضلع سوراب میں ’فتنہ الہندوستان‘ سے وابستہ دہشت گردوں کی جانب سے گاڑی میں دھماکا خیز مواد نصب کرنے کے دوران زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے اور دہشت گردوں کی جانب سے وہاں ذخیرہ کیے گئے دیگر دھماکا خیز مواد کے پھٹنے سے ہونے والے مزید دھماکوں کے باعث قریبی علاقے میں موجود 3 شہری بھی جاں بحق ہوگئے۔
آئی آیس پی آر کے مطابق واقعے کے بعد فوری ردعمل کے طور پر سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا بروقت پتہ لگایا اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، ان واقعات میں اب تک ’فتنہ الہندوستان‘ سے وابستہ 18 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 2 بہادر اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزم استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب وزیرِاعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع سورات میں 18 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی پزیرائی کی اور عام شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد بلوچستان کے امن اور عوام کے دشمن ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ نے بھی 18 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور دہشت گردوں کےعزائم ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی نمایاں کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔
