پاکستان کی حکومت، فوج اور عوام اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ ہیں: محسن رضائی

ایرانی عہدیدار نے پاکستان کو اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تجارت بڑھانے پر زور دیا۔
شائع 12 اگست 2026 11:55pm

وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے ایران کے دورے کے دوران تہران میں سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی اور مشہد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقاتیں کیں۔ محسن رضائی نے ایران اور پاکستان کو اسلامی دنیا کی بڑی طاقتیں قرار دیتے ہوئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کے لیے مشترکہ کردار پر زور دیا۔

ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی ’مہرنیوز‘ کے مطابق تہران میں محسن نقوی سے ملاقات کے دوران محسن رضائی نے کہا کہ ایران کے تمام رہنماؤں نے پاکستان کو اسلامی جمہوریہ ایران کا اسٹریٹجک شراکت دار سمجھا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو حقیقی اور دینی بنیادوں پر قائم محبت قرار دیا۔

محسن رضائی نے کہا کہ ایران پاکستان کی حکومت، فوج اور عوام کو اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے علاقائی معاملات میں پاکستان کے وزیراعظم اور آرمی چیف کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں اور کردار کا خیرمقدم بھی کیا۔

ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ ایران، پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور انڈونیشیا جیسے بڑے مسلم ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلامی اتحاد کے لیے اقدامات کریں اور مسلم دنیا میں یک جہتی کو فروغ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کئی گنا بڑھنی چاہیے۔ محسن رضائی نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام کے درمیان محبت اور اپنائیت بیان سے باہر ہے اور دنیا میں اپنی مثال آپ ہے۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مشہد میں پاکستانی وزیر داخلہ سید محسن نقوی سے ملاقات کی۔ محسن نقوی امام رضا علیہ السلام کے روضے پر حاضری کے لیے مشہد میں موجود تھے۔

ایرانی وزیر خارجہ بدھ کی سہ پہر مشہد کے شہید ہاشمی نژاد ایئرپورٹ پہنچے، جہاں خراسان رضوی کے گورنر غلام حسین مظفری اور شمال مشرقی ایران میں وزارت خارجہ کے نمائندے غلام عباس ارباب خالص نے ان کا استقبال کیا۔ اسی موقع پر محسن نقوی نے ایئرپورٹ پر عباس عراقچی سے ملاقات کی۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا، تاہم گفتگو کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل تہران میں پاکستانی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی تھی جس میں مسعود پزشکیان نے دونوں ممالک کی موجود صلاحیتوں سے بہتر استفادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کا دائرہ وسیع کرنے پر زور دیا۔

ایران کی ’تسنیم نیوز‘ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور عوامی سطح پر گہرے روابط موجود ہیں اور ایران باہمی دل چسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔

ایرانی صدر نے خطے کے وسیع تر تناظر میں ایران پاکستان تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت کی جانب سے ایران کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے اور یک جہتی کے فروغ کا عزم تہران کے لیے قابل قدر ہے۔

ملاقات میں مسعود پزشکیان کا کہنا تھا ایران پاکستان کے قریبی تعلقات دونوں ممالک کے باہمی مفادات کے ساتھ خطے میں استحکام اور سلامتی کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان یہ اعلیٰ سطحی رابطے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب خطے میں جنگ بندی کے بعد سفارتی سرگرمیاں تیز ہیں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے نئی کوششیں جاری ہیں۔ ایسے میں پاکستانی وزیر داخلہ سید محسن نقوی کا دورہ تہران اور ایران کی اعلٰی قیادت کے ساتھ ان کی ملاقاتیں خصوصی اہمیت رکھتی ہیں۔

Read Comments