صدر مملکت اور وزیراعظم نے اسلام آباد میں یاد گارِ فتح کا افتتاح کردیا

یادگارِ فتح کی شاندار افتتاحی تقریب میں قومی جذبے، حب الوطنی اور دفاع وطن کے عزم کا شاندار مظاہرہ کیا جارہا ہے۔
شائع 13 اگست 2026 11:27pm

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی کی یاد میں قائم یاد گارِ فتح کا افتتاح کردیا ہے۔

جمعرات کے روز صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی اور کمال فن تعمیر کے شاہکار ’ یادگار فتح‘ کا افتتاح کر کیا گیا ہے، جو آنے والی نسلوں تک معرکہ حق کی داستانیں سناتا رہے گا۔

افتتاح کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیربھی موجود تھے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے۔

یادگار فتح میں مستقل طور پر پروجیکشن میپنگ کا جدید نظام نصب کیا گیا ہے، جو ایک لاکھ 20 ہزار لیومن ٹیکنالوجی پر مشتمل ہے، پروجیکشن میپنگ کے ذریعے یادگار فتح پر روشنی، موسیقی اور فنِ تعمیر کا حسین امتزاج پیش کیا جائے گا۔

قبل ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یادگارِ فتح کی شاندار افتتاحی تقریب جاری ہے، جس میں قومی جذبے، حب الوطنی اور دفاع وطن کے عزم کا شاندار مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد یادکارِ فتح کی تعمیر سے متعلق کہانی کی ویڈیو نشر کی گئی۔ تقریب میں مسلح افواج کے ساتھ سول آرمڈ فورسز کے دستے بھی شریک ہیں جب کہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان پولیس کے دستوں کے ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پولیس کے دستے بھی تقریب میں شریک ہیں۔

یاد گارِ فتح کی تقریب میں اتحاد، یکجہتی اور قومی وحدت کی خوبصورت عکاسی کی جا رہی ہے، باوقار دستے قومی اتحاد اور یگانگت کی علامت ہیں۔ یادگارِ فتح قومی تاریخ، معرکہ حق میں کامیابی، شہدا اور غازیوں کی قربانیوں اور عزمِ صمیم کی علامت ہیں۔

تقریب کے آغاز پر بگل بجا کر صدر مملکت آصف علی زرداری کی آمد کا اعلان کیا گیا، صدر مملکت تقریب کے مہمان خصوصی ہیں جب کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزرا، غیر ملکی سفارت کار، سروسز چیفس، ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی تقریب میں موجود ہیں جب کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز بھی تقریب میں شریک ہیں۔

اس کے علاوہ وفاقی وزرا عبدالعلیم خان، محسن نقوی اور عطا تارڑ سمیت دیگر اہم شخصیات بھی یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب میں شریک ہیں۔

Read Comments