امریکی صدر ٹرمپ کا درآمدی ڈرونز پر 100 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کا اعلان
مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا درآمد کیے جانے والے بغیر پائلٹ ڈرونز اور ان کے پرزہ جات پر 100 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ فیصلہ قومی سلامتی کے تحفظ، مقامی پیداوار بڑھانے اور غیر ملکی سپلائی چینز پر انحصار کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق بعض بغیر پائلٹ ڈرونز، جن کا وزن 25 کلوگرام سے زیادہ ہے اور ان میں تھرمل امیجرز اور ڈاکنگ اسٹیشنز جیسی جدید صلاحیتیں موجود ہیں، ان کی درآمد پر 100 فیصد ڈیوٹی عائد کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق چھوٹے ڈرونز پر 25 فیصد ٹیرف لاگو ہوگا، جبکہ زیادہ تر نئے ٹیرف 3 ستمبر سے نافذ ہوں گے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ نئے درآمدی محصولات کا مقصد ڈرونز اور ان کے پرزہ جات کی مقامی تیاری کو فروغ دینا اور بیرونِ ملک سپلائی چینز پر امریکی انحصار کم کرنا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے ٹیرف عائد کرنے کا فیصلہ قومی سلامتی کی بنیاد پر کیا ہے، جبکہ نئے اقدامات کے تحت ڈرونز کی مختلف اقسام اور ان کی تکنیکی خصوصیات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف شرحیں مقرر کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے چین نے بھی امریکا کو ڈرونز کی برآمدات پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا اور واشنگٹن کی جانب سے جبری مشقت اور قومی سلامتی کے خدشات کے باعث عائد تجارتی پابندیوں کے جواب میں 6 کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا تھا۔
یہ اقدام امریکا کی جانب سے چین اور 59 دیگر ممالک پر نئے ٹیرف عائد کیے جانے کے چند روز بعد سامنے آیا۔