مستونگ میں وزیر داخلہ بلوچستان کے قافلے پر حملہ، 3 اہلکار زخمی
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو کے قافلے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں تین اے ٹی ایف اہلکار زخمی ہوگئے، تاہم وزیر داخلہ ضیاء لانگو حملے میں محفوظ رہے۔ پولیس کے مطابق زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے مستونگ میں وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو کے قافلے کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ علاقے سے گزر رہے تھے۔ اچانک ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں قافلے میں شامل تین اے ٹی ایف اہلکار زخمی ہوئے۔
زخمی اہلکاروں کی شناخت نصراللہ، سمیع اللہ اور زکریا کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد اہلکاروں نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی، جس پر حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔