ایران کا جنوبی صوبے ہرمزگان میں امریکی ایم کیو 9 ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ
ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی ایران کے صوبے ہرمزگان کی فضائی حدود میں ایک امریکی ساختہ ایم کیو 9 ڈرون کو جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روک کر تباہ کردیا گیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جمعے کے روز ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی ایرو اسپیس فورس نے صوبہ ہرمزگان کی فضائی حدود میں ایک دشمن ایم کیو 9 ڈرون کو نشانہ بنایا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ڈرون کو ایک نئے جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روکا گیا اور تباہ کردیا گیا، پاسدارانِ انقلاب کا جدید فضائی دفاعی نظام ایران کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے زیرِ کنٹرول کام کرتا ہے، جو ایران کی فضائی حدود کی نگرانی اور دفاع کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈرون کو تباہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والا جدید فضائی دفاعی نظام ایرو اسپیس فورس کے زیرانتظام ہے اور ملک کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کی کمان کے تحت کارروائی کرتا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں جب کہ ڈرون کی تباہی کے مقام، کارروائی کے وقت اور اس کی نوعیت سے متعلق بھی مزید معلومات سامنے نہیں آئیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ایران کی جانب سے امریکی ایم کیو 9 ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا ہو۔ گزشتہ ماہ 19 جولائی کو پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے جنوب مغربی شہر اہواز کے اوپر ایک اور امریکی ایم کیو 9 ڈرون کو جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے مار گرایا تھا۔
ایرانی حکام کے مطابق 19 جولائی کو مار گرایا جانے والا ڈرون بھی پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے زیر انتظام جدید فضائی دفاعی نظام کا نشانہ بنا تھا، جو ایران کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت کام کرتا ہے۔ اس دعوے پر اس وقت امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا تھا۔
اس کے علاوہ ایران نے 3 اگست کو بھی دعویٰ کیا تھا کہ پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز کے اوپر ایک امریکی ایم کیو 9 ڈرون کو جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کردیا۔
تازہ واقعے میں بھی امریکی ساختہ ایم کیو 9 ڈرون کو تباہ کیے جانے کا دعویٰ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے کیا گیا ہے تاہم واقعے کے حوالے سے سپاہ نیوز نے اس کے علاوہ مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔