صدر کا یوم آزادی پر ملکی اور غیرملکی شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کا اعلان

اسحاق ڈار، محسن نقوی، احد چیمہ اور محمد اورنگزیب کو نشانِ امتیاز؛ 46 شہدا کو ستارۂ شجاعت سے نوازا جائے گا
شائع 15 اگست 2026 09:23am

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 355 شخصیات کے لیے پاکستان سول ایوارڈز کا اعلان کردیا۔

اعزازات حاصل کرنے والوں میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزرا احد چیمہ اور محمد اورنگزیب سمیت اعلیٰ سرکاری افسران، فنکار، گلوکار اور دیگر شعبوں سے وابستہ شخصیات شامل ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 46 شہدا کو بھی ستارۂ شجاعت سے نوازا جائے گا۔

صدرِ مملکت کی جانب سے منظور کیے گئے اعزازات کے تحت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزرا احد چیمہ اور محمد اورنگزیب جبکہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کو نشانِ امتیاز دیا جائے گا۔

ڈی جی آئی بی فواد اسداللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال کو ہلالِ امتیاز سے نوازا جائے گا، جبکہ سیکریٹری تجارت جواد پال کو ستارۂ امتیاز دیا جائے گا۔

زوبیہ خورشید راجہ کو تمغۂ شجاعت دیا جائے گا۔ زوبیہ خورشید نے آزاد کشمیر میں شرپسندوں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا اور زخمی پولیس اہلکار کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر نرغے سے نکالا تھا۔

علامہ طاہر محمود اشرفی کو تمغۂ امتیاز دیا جائے گا، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 46 شہدا اور شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کو ستارۂ شجاعت سے نوازا جائے گا۔

سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ کو ستارۂ امتیاز، ڈی جی ستھرا پنجاب بابر صاحب دین اور مدینہ منورہ میں مقیم ڈاکٹر خالد عباس الاسدی کو بھی سول اعزازات دیے جائیں گے۔

قائداعظم محمد علی جناح کے معالجین ڈاکٹر جل رتن جی پٹیل اور ڈاکٹر جل ڈائبو کو بعد از مرگ نشانِ قائداعظم سے نوازا جائے گا۔

ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فدان، وزیر دفاع یاسر گلر اور وزیر تجارت عمر بولات کو ستارۂ پاکستان دیا جائے گا۔

گلوکارہ ترنم ناز اور نشو بیگم کو ستارۂ امتیاز جبکہ اداکارہ غزالہ کیفی کو تمغۂ حسنِ کارکردگی دیا جائے گا۔

صدرمملکت کی جانب سے تمام نامزد شخصیات کو سول ایوارڈز 23 مارچ کو عطا کئے جائیں گے۔

دوسری جانب صدرِ مملکت نے وزیراعظم کی جانب سے بھجوائی گئی متعدد سمریوں کی بھی منظوری دے دی ہے۔ صدر نے مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے ایک ہزار 172 اہلکاروں کو فوجی اعزازات دینے کی منظوری بھی دی۔

صدر آصف علی زرداری نے 17 اگست کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کرنے کی سمری بھی منظور کرلی۔

اس کے علاوہ صدرِ مملکت نے یومِ آزادی اور عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اہل قیدیوں کی سزاؤں میں 100 روز کی خصوصی کمی کی بھی منظوری دے دی۔

Read Comments