پاکستان کے پہلے انفلوئنسر ایوارڈز، امیدواروں کا انتخاب کیسے ہوگا؟

ایوارڈز کے انعقاد کا بنیادی مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل کریئیٹرز کے کام کو ایک باقاعدہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
شائع 15 اگست 2026 02:16pm

پاکستان کی تیزی سے ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل انڈسٹری میں ایک نیا اور اہم سنگ میل عبور ہونے جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا انفلوئنسر اور کانٹینٹ کریئیٹرز کی محنت کو سراہنے کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ’پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز‘ (پی آئی اے) کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

اس ایوارڈ تقریب میں ملک بھر کے سوشل میڈیا کریئیٹرز اور انفلوئنسرز کو ان کی صلاحیتوں اور تخلیقی کام پر اعزازات دیے جائیں گے جبکہ تقریب کی میزبانی کے فرائض مشہور اور ہر دلعزیز وی لاگ ’پتن گیر‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی جوڑی، امتل باویجا اور فہد طارق کے سپرد کیے گئے ہیں۔

انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے ساتھ یہ خوشخبری شیئر کرتے ہوئے امتل باویجا نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ وہ پچھلے آٹھ سالوں سے اس فیلڈ سے جڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شروع میں یہ اندازہ نہیں تھا کہ ایک دن وہ اسی ڈیجیٹل کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کے پہلے انفلوئنسر ایوارڈز کی میزبانی کریں گے۔

موجودہ دور میں سوشل میڈیا نے روایتی ذرائع ابلاغ کی جگہ لے لی ہے اور پاکستان میں لاکھوں نوجوان کانٹینٹ کریئیشن کو باقاعدہ ایک کیریئر کے طور پر اپنا رہے ہیں۔

ان ایوارڈز کے انعقاد کا بنیادی مقصد پاکستان میں کانٹینٹ کریئیشن کے شعبے کو مزید مضبوط بنانا اور ڈیجیٹل کریئیٹرز کے کام کو ایک باقاعدہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

27 جولائی کو ایک تقریب میں ایوارڈز کے چیف کیوریٹر طلحہ اسلم کا کہنا تھا کہ، اس اقدام کا وژن ایک ایسا صحت مند اور مسابقتی ماحول بنانا ہے جہاں پاکستانی کانٹینٹ انڈسٹری عالمی معیار کے مطابق ترقی کر سکے اور اس کے لیے کچھ بنیادی اصول طے کیے جا سکیں۔

یہ رنگارنگ تقریب رواں سال 7 نومبر کو منعقد ہوگی جس میں 30 سے زائد مختلف کیٹیگریز میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ ان میں یوٹیوب، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کے لیے ’کریئیٹر آف دی ایئر‘ اور ’ایمرجنگ کریئیٹر‘ (نئے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ) کے خصوصی ایوارڈز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ روزمرہ کی زندگی سے جڑے دیگر اہم موضوعات مثلاً فیشن، سیاحت، بیوٹی، طرزِ زندگی، فٹنس، گیمنگ، موسیقی، پیرنٹنگ اور انٹرٹینمنٹ کے شعبوں میں بہترین کام کرنے والوں کو بھی ان کی محنت کا صلہ دیا جائے گا۔

منتظمین کے مطابق کامیاب امیدواروں کے انتخاب کے لیے ایک خاص طریقہ کار اپنایا جائے گا۔ سب سے پہلے ہر کیٹیگری کے ابتدائی 20 امیدوار الگورتھم کی مدد سے منتخب کیے جائیں گے، جبکہ ان نتائج کی تصدیق مارکیٹ سروے کے ذریعے کی جائے گی۔

اس کے بعد معروف کانٹینٹ کریئیٹرز پر مشتمل جیوری 20 امیدواروں میں سے 10 افراد کا انتخاب کرے گی۔ دوسرے مرحلے میں مارکیٹنگ اور اشتہارات کے شعبے کے ماہرین پر مشتمل جیوری ان امیدواروں میں سے پانچ فائنلسٹس منتخب کرے گی۔

کامیابی کا حتمی تاج کس کے سر سجے گا، اس کا فیصلہ عوام کریں گے۔ اکتوبر کے مہینے میں آن لائن پبلک ووٹنگ کا آغاز ہوگا، جس کے ذریعے شائقین اپنے پسندیدہ انفلوئنسر کو جتوا سکیں گے۔

ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث پاکستان میں کانٹینٹ کریئٹرز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے ایوارڈز سے نئے ٹیلنٹ کو حوصلہ ملے گا اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کو فروغ حاصل ہوسکے گا۔

یہ ایوارڈز نہ صرف ڈیجیٹل کریئیٹرز کے لیے ایک اعزاز ہوں گے، بلکہ اس سے پاکستان کا ایک جدید چہرہ بھی دنیا بھر میں اجاگر ہوگا۔

Read Comments