نمرہ خان کے شوہر نے طلاق کی تصدیق کردی، علیحدگی کی وجہ بھی بتا دی
پاکستانی اداکارہ نمرہ خان کی دوسری شادی بھی طلاق پر ختم ہوگئی ہے۔ نمرہ کے شوہر زین حامد نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے اداکارہ سے طلاق کی تصدیق کردی۔ زین حامد کے مطابق دونوں کے درمیان ذاتی اختلافات اور زندگی کے بارے میں مختلف ترجیحات کی وجہ سے یہ رشتہ ختم ہوا۔
نمرہ خان نے جون 2026 میں برطانیہ میں مقیم پائلٹ زین حامد سے شادی کی تھی۔ شادی کے بعد اداکارہ نے اپنی نئی زندگی کے آغاز پر خوشی کا اظہار بھی کیا تھا اور وقتاً فوقتاً کئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر بھی کی تھیں۔ تاہم بعد میں نمرہ خان کے والد کی بعض سوشل میڈیا پوسٹس کے بعد ان کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
اس دوران نمرہ خان نے مداحوں کو یقین دلایا تھا کہ سب کچھ ٹھیک ہے۔ انہوں نے بری نظر سے بچنے کا کہہ کر اپنی شادی کی تصویریں بھی چھپا لی تھیں اور سوشل میڈیا پر کچھ ایسی باتیں لکھی تھیں جن کا اشارہ عام طور پر ان کے سابق شوہر کی طرف سمجھا جا رہا تھا۔
اب نمرہ خان کے شوہر زین حامد نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے طلاق کی خبر پر مہر لگا دی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا، ’میں تصدیق کرتا ہوں کہ میں نے 17 جولائی کو نمرہ خان کو ذاتی اختلافات اور زندگی کے بارے میں مختلف ترجیحات کی وجہ سے طلاق دی۔‘
زین حامد نے مزید کہا کہ ان کا مقصد کسی پر الزام لگانا نہیں ہے۔ انہوں نے اپنی ایک سابقہ پوسٹ ’اب آخرکار سکون ہے، اچھا ہوا جان چھوٹی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے وضاحت کی کہ یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر غیر ضروری پوسٹس اور اسٹیٹس کے ردعمل میں تھی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا، ’میں نے کبھی کسی پر الزام لگانے کا ارادہ نہیں رکھا۔ میں مردوں اور عورتوں دونوں کی برابری کی بنیاد پر عزت کرتا ہوں۔‘
زین حامد نے مزید بتایا کہ طلاق کے حوالے سے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور اب وکیل اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے لکھا، میں نمرہ کے آنے والے وقت کے لیے صرف اچھی خواہشات رکھتا ہوں۔ ہم خوش اسلوبی سے الگ ہو رہے ہیں اور یہ علیحدگی ایک مرد کے لیے بھی اتنی ہی مشکل ہوتی ہے جتنی ایک عورت کے لیے۔
یاد رہے کہ نمرہ خان پاکستان کی معروف ٹی وی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے ’اے مشتِ خاک‘، ’احرامِ جنون‘، ’اڑان‘، ’مہربانو‘، ’مجھے خدا پر یقین ہے‘، ’چھوٹی سی زندگی‘، ’خوب سیرت‘، ’باغی‘ اور ’امِ عائشہ‘ سمیت کئی ڈراموں میں کام کیا ہے۔
ڈرامہ ’امِ عائشہ‘ میں حجاب والی لڑکی کے کردار کو بھی ناظرین نے پسند کیا تھا، جبکہ ’احرامِ جنون‘ اور ’سارہ آپی‘ ان کے مقبول ڈراموں میں شامل رہے ہیں۔
اس خبر کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین بہت مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں کیونکہ انہیں امید تھی کہ طلاق کی خبر غلط ہوگی جبکہ بعض نے سابق شوہر کے بیان پر بھی تنقید کی۔