'اماں نے اسلام قبول کرلیا تھا': شرمیلا ٹیگور کی بیٹی کا انکشاف

شرمیلا ٹیگور نے مشہور بھارتی کرکٹر منصور علی خان پٹوری سے شادی کی تھی۔
شائع 16 اگست 2026 11:07am

بولی ووڈ کے پٹوری خاندان کے حوالے سے لوگ اکثر یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ان کے گھر کا مذہبی ماحول کیسا ہے۔ اب اداکار سیف علی خان کی بہن صبا پٹوری نے اپنی والدہ شرمیلا ٹیگور کے مسلمان ہونے اور گھر کی تربیت کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ صبا نے بتایا ہے کہ ان کی والدہ نے مشہور کرکٹر منصور علی خان پٹودی سے شادی کے بعد اسلام قبول کیا تھا اور اپنے بچوں کو بھی اسی مذہب کی تعلیم دی۔

صبا پٹودی نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل ’بگ بالی ووڈ بفز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا، اگر میں اپنی بات کروں تو میرا مذہب اسلام ہے اور میں اس سے دلی لگاؤ رکھتی ہوں۔ اگر میں خدا کے بارے میں سوچتی ہوں تو میں اللہ ہی کہوں گی۔ لیکن اس کا یہ مطلب بالکل نہیں ہے کہ میں دوسرے مذاہب کی عزت نہیں کرتی۔

صبا کے مطابق ان کی والدہ شرمیلا ٹیگور، جنہیں وہ پیار سے ’اماں‘ کہتی ہیں، نے سابق بھارتی کرکٹر منصور علی خان پٹودی سے شادی کے وقت اسلام قبول کیا تھا۔ بعد میں انہوں نے اپنے بچوں کو بھی اسلام کے بارے میں سمجھایا اور مذہبی تعلیم دی۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، اماں نے دراصل اسلام قبول کیا تھا اور ہمیں بھی اسلام کے بارے میں رہنمائی دی، شاید اس لیے تاکہ ہم کسی الجھن کا شکار نہ ہوں اور ہمیں کسی قسم کی مذہبی بنیاد حاصل ہو۔

صبا نے بتایا کہ ہمارے گھر میں ہندو مذہب کی باقاعدہ مذہبی رسومات نہیں ہوتیں تھیں، تاہم میری والدہ نے مجھے میرے مذہب اسلام، رمضان اور دیگر چیزوں کی سمجھ دی۔ اس کے بعد یہ ہماری اپنی مرضی تھی کہ ہم کس راستے پر چلنا چاہتے ہیں۔

صبا نے یہ بھی بتایا کہ ان کے گھر میں کوئی مذہب زبردستی نہیں تھوپا گیا۔ انہوں نے بچپن سے ہی عید کے ساتھ ساتھ کرسمس، دیوالی اور ہولی جیسے تہوار بھی مل جل کر منائے ہیں۔

ان کا ماننا ہے کہ عقیدہ ہر انسان کا اپنا ذاتی معاملہ ہے اور کوئی بھی اسے کسی دوسرے پر زبردستی نہیں تھوپ سکتا۔ صبا کے مطابق ان کے بہن بھائیوں نے مختلف مذاہب میں شادیاں کی ہیں اور انہیں نہیں لگتا کہ گھر میں کوئی بھی شخص مذہب کے معاملے میں بہت زیادہ سختی برتتا ہے۔

صبا کے اس بیان سے پہلے ان کے بھائی سیف علی خان بھی اس موضوع پر بات کر چکے ہیں۔ ایک پروگرام کے دوران سیف نے بتایا تھا کہ وہ اپنے بچوں تیمور اور جہانگیر کے ساتھ مذہب پر کیسے بات کرتے ہیں۔

سیف نے کہا تھا، میری ماں نے مجھے سکھایا اور میں نے اپنے بچوں کو یہی سکھایا ہے کہ خدا ایک ہی ہے اور اس کے بہت سارے نام ہیں۔ سیف کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ کرینہ کپور اور والدہ دونوں ہی مذہب کے معاملے میں بہت کھلے ذہن کی مالک ہیں۔

پٹوری خاندان میں الگ مذاہب میں شادی کرنے کی ایک لمبی تاریخ ہے۔ سیف علی خان کی دونوں شادیاں یعنی پہلی امرتا سنگھ اور دوسری کرینہ کپور کے ساتھ، مختلف مذاہب میں ہوئیں۔

ان کی چھوٹی بہن سوہا علی خان نے بھی ہندو اداکار کنال کھیمو سے شادی کی جس پر انہیں لوگوں کی جانب سے باتیں بھی سننی پڑیں۔

کرینہ کپور کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سب سے اہم بات یہ ہوتی ہے کہ میاں بیوی ایک دوسرے کو پسند کریں اور ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزار کر خوش ہوں۔

اداکارہ نے سیمی گریوال کو دیے گئے ایک پرانے انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے اسلام قبول کیا اور منصور علی خان پٹودی سے شادی سے قبل ان کا نام ’عائشہ‘ رکھا گیا تھا۔

شرمیلا ٹیگور نے اس تجربے کے بارے میں کہا تھا، ’یہ نہ تو بہت آسان تھا اور نہ ہی بہت مشکل۔‘

انہوں نے بتایا تھا کہ اسلام قبول کرنے کے تجربے کے دوران انہیں ہندو مذہب اور اسلام، دونوں کو مزید سمجھنے کا موقع ملا۔

Read Comments