ٹریولنگ ٹائم: لاہور کی ٹریفک میں بہتری، اسلام آباد اور کراچی کو پیچھے چھوڑ دیا
ٹریولنگ ٹائم کے حوالے سے لاہور کی ٹریفک میں بہتری آگئی ہے، صوبائی دارالحکومت ورلڈ ٹریفک انڈیکس رپورٹ میں 149 ویں درجے پر آگیا ہے جب کہ لاہور میں ٹریولنگ ٹائم کراچی اور اسلام آباد سے بہتر ہے۔
ورلڈ ٹریفک انڈیکس رپورٹ کے مطابق لاہور ٹریفک مینجمنٹ اور ٹریولنگ ٹائم کے حوالے سے نمایاں بہتری والے شہروں میں شامل ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور 2024 میں ٹریولنگ ٹائم کے حوالے سے 120 ویں جب کہ 2025 میں 129 ویں نمبر پر تھا تاہم ٹریفک مینجمنٹ اور سڑکوں کے نظام میں بہتری کے باعث شہر کی ٹریفک روانی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں روڈ انفراسٹرکچر میں بہتری اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے باعث ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی۔ مؤثر پیٹرولنگ، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور کیمروں کے ذریعے چیکنگ سے بھی ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری آئی ہے۔
لاہور میں نئے انڈر پاسز، سگنل فری کوریڈورز اور غیر ضروری یوٹرنز کی بندش بھی ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوئی جب کہ ون وے کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی سے بھی ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئی۔ رپورٹ کے مطابق لاہور میں ٹریولنگ ٹائم کراچی اور اسلام آباد کے مقابلے میں قدرے بہتر ہے۔
دنیا کے مختلف شہروں کے ٹریولنگ ٹائم کے حوالے سے رپورٹ میں امریکی، بھارتی اور بنگلہ دیشی شہر نمایاں ہیں۔ لاس اینجلس تیسرے، شارجہ چوتھے، دہلی پانچویں اور ڈھاکا ساتویں نمبر پر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تہران 14 ویں، استنبول 20 ویں، ماسکو 29 ویں اور بینکاک 39 ویں نمبر پر ہے جب کہ ٹورنٹو 50 ویں، سڈنی 57 ویں، کراچی 64 ویں اور میلبرن 65 ویں نمبر پر ہیں۔ اسی طرح بیجنگ 76 ویں، دبئی 90 ویں، لندن 119 ویں، پیرس 142 ویں اور ٹوکیو 145 ویں نمبر پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق بہترین ٹریولنگ ٹائم کے حوالے سے سوئٹزرلینڈ، آسٹریا، سویڈن اور جرمنی کے شہر سرفہرست ہیں۔ رپورٹ میں نامناسب روڈ انفراسٹرکچر، پارکنگ پلازوں کی کمی اور تجاوزات کو ٹریفک میں خلل کی بڑی وجوہات قرار دیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ٹریفک کے نظام میں پائیدار بہتری ممکن نہیں۔ انہوں نے قانون کی پاسداری اور روڈ سیفٹی کا شعور اجاگر کرنے میں میڈیا کے کردار پر بھی شکریہ ادا کیا۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق لاہور میں ٹریولنگ ٹائم میں بہتری مہذب معاشرے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔