انڈونیشیا نے چودہ منشیات فروشوں کی سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کیلئے بین الاقوامی اپیلیں رد کردیں ۔ اٹارنی جنرل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مجرموں کی سزاؤں میں تاخیر نہیں کی جائے گی۔ سزائے موت کے ملزمان میں ایک پاکستانی شہری ذوالفقار بھ ی شامل ہے۔
انڈونیشیا نے منشیات فروشی کے مختلف مقدمات میں چودہ افراد کو سزائے موت کا حکم دے رکھا ہے۔ موت کی سزا کیخلاف اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے اپیلیں کی تھیں جسے انڈونیشیا کے حکام نے رد کردیا ہے۔
انڈونیشیا کے اٹارنی جنرل ایچ محمد پراسیتیو کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت دی جائے گی۔اٹارنی جنرل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ سزائیں ہمارے مثبت قوانین پر عمل درآمٕد کا حصہ ہیں اور کسی صورت ان میں تاخیر نہیں کی جائے گی۔
انڈونیشیا کے وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی برادری ہمارے قوانین کا احترام کرے۔سزاؤں پر عمل درآمد جاوا کے ایک جزیرے کی جیل میں ہوگا، جیل میں ایمبولیسز اور تابوت پہنچادیے گئے ہیں۔سزائے موت پانے والوں میں ایک پاکستانی شہری کے علاوی نائیجیریا،زمبابوے اور بھارتی شہری شامل ہیں۔