بلاول بھٹو اور آصف زرداری کا جہانگیر بدر کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار

اپ ڈیٹ 14 نومبر 2016 10:46am

کراچی:پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری نے جہانگیر بدر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر کے انتقال پر پارٹی قیادت گہرے دکھ اور صدمے میں مبتلا ہو گئی،ان کے انتقال کی خبر پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےٹوئٹر پر اپنے پیغام میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ سوچا نہیں تھا کہ ہمیں جہانگیر بدر کے بغیر سفر کرنا پڑے گا۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی ٹوئٹر پر جہانگیر بدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ جہانگیر بدر نے اپنی زندگی میں پارٹی کیلئے مسلسل کام کیا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جہانگیر بدر نے سخت حالات میں بھی پارٹی کیلئے ڈٹے رہے اور ضیا ءدور میں جیل بھی کاٹی، ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔

دوسری جانب بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے بھی جہانگیر بدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Read Comments