Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
نیویارک:اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ افغانستان میں مفاہمتی عمل کے ذریعے ہی امن قائم ہوسکتا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان سے متعلق مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ کابل اور افغان طالبان میں مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں، پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے اہم کردار ادا کیا، افغان مفاہمت کیلئے عالمی برادری بھی کردار ادا کرے۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ 30سال بعد بھی افغان جنگ کے اثرات باقی ہیں، افغان جنگ کےبعد پاکستان کوشدید سیکیورٹی مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور پاکستانی معیشت پر بھی اس کے اثرات پڑے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے افغان عوام کی مدد کر رہا ہے، ہم نے افغان مہاجرین کی بےمثال میزبانی کی،30لاکھ افغان مہاجرین کو فراخ دلی سے خوش آمدید کہا۔
ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ افغان مہاجرین رضا کارانہ طور پر اپنے گھروں کو واپس جائیں۔