پاناما لیکس مقدمے سے پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان علیحدہ

شائع 18 نومبر 2016 02:27pm

اسلام آباد:سپریم کورٹ میں پاناما مقدمہ کی جمعرات کو سماعت میں کمزور دلائل پر تنقید کا سامنا کرنے والے سینئرقانون دان حامد خان دلبرداشتہ ہوگئے،پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے رابطہ کرکے پاناما مقدمہ میں تحریک انصاف کی پیروی کرنے سے معذرت کرلی۔

حامدخان ایڈووکیٹ کے پاناما مقدمہ سے الگ ہونے کی افواہیں جمعرات کو ہی گردش کرنے لگی تھیں، تحریک انصاف نے پہلے تو اس کی تردید کی لیکن پھر خود ہی اعلان کرڈالا کہ حامد خان نے چیئرمین تحریک انصاف کو ٹیلی فون کیا اور اپنے خلاف میڈیا مہم پرتشویش کا اظہار کیا ۔

بات چیت میں کپتان کو بتایاکہ اب ان کیلئے اس مقدمہ میں تحریک انصاف کی پیروی کرنا ممکن نہیں۔ حامدخان نے اپنے ایک ردعمل میں بھی یہی کہاہےکہ تنقید کرنے والے کم علم ہیں، انہیں کیا پتہ کہ دلائل کو کیسے آگے بڑھایا جاتا ہے ۔ قومی اہمیت کے مقدمے میں سینئر وکیل کی ایسی علیحدگی کو وکلاء برادری بھی تنقیدی نظرسے دیکھتی ہے۔

جمعرات کو پاناما مقدمہ کی سماعت میں جب حامد خان نے دلائل کا زیادہ وقت شواہد کی بجائے وزیراعظم کی تین تقاریر میں مبینہ تضاد بیانی پر صرف کیا تھا تو ججز نے تنقیدی ریمارکس دیئے تھے، جسٹس عظمت سعید کا تو یہاں تک کہنا تھا کہ حامدخان کی پوری کوشش ہے کہ کیس آگے نہ چلے، بڑا وکیل ہٹ جانے کا اہم مرحلہ آنے پر بھی عمران خان کی لندن روانگی کا شیڈول نہ بدلا۔

حامدخان سے ٹیلیفونک گفت گو کے بعد وہ عوامی  مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے ہمراہ برطانیہ روانہ ہوگئے  ، ترجمان تحریک انصاف کے مطابق کپتان نے حامد خان کی خدمات کو سراہا اور خواہش طاہر کی کہ وہ پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کی رہنمائی کرتے رہیں۔

Read Comments