طالب علم پر مبینہ تشدد: وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا
کراچی: لاڑکانہ کیڈٹ کالج میں ساتویں جماعت کے طالب علم پر مبینہ تشدد کی خبر آج نیوز پر نشر ہونے پر وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے لاڑکانہ کیڈٹ کالج کے طالب علم پرمبینہ تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری یونیورسٹی بورڈز کو معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا، ساتھ صوبائی سیکرٹری تعلیم سے بھی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
یہ بھی پڑھیئے: کیڈٹ کالج میں ساتویں جماعت کے طالب علم پر مبینہ تشدد
ترجمان وزیراعلیٰ ہاوس کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سیکرٹری یونیورسٹی بورڈزکو لاڑکانہ کیڈٹ کالج کے طالب علم پرمبینہ تشدد کے واقعے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے جلد رپورٹ پیش کی جائے۔
اُدھر صوبائی وزیرتعلیم جام مہتاب ڈہرنے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ بچے کےعلاج کے حوالے سے متاثرہ فیملی کو یقین دہانی کرادی ہے۔ جلد اس معاملے میں پیش رفت سامنے آئے۔