Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
لاہور:پنجاب میں شہدائے کربلا کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، مختلف شہروں میں جلوس اور مجالس برپا کی جارہی ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں چہلم حضرت امام حسین انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے،صوبا ئی دارلحکومت میں حویلی الف شاہ سے برآمد ہونیوالا مرکزی جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے ،جو روایتی راستے سے ہوتا ہوا شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس میں عزاداروں کی جانب سے ماتم اور نوحہ خوانی کا سلسلہ بھی جاری ہے،جلوس کے راستوں کو خاردار تاریں لگاکر بند کیا گیا ہے جبکہ جلوس میں شامل ہونے کیلئے واک تھرو گیٹس بھی نصب کیے گئے ہیں۔
چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر گوجرانوالہ،سیالکوٹ،میانوالی،رحیم یار خان اورحافظ آباد سمیت پنجاب بھر میں 500 سے زائدجلوس جبکہ 987 مجالس برپا کی جارہی ہیں،جن کی سیکیورٹی کیلئے 46ہزار 900پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔