Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:کیبل آپریٹرز نے مطالبات پورے نہ ہونے پر ملک کے مختلف شہروں میں کیبل کی نشریات بند کردی ہیں۔ رہنماؤں نے پیمرا سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی ٹی ایچ کی نیلامی کو فی الفور روکا جائے۔
کیبل آپریٹرز پیمرا کی جانب سے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے پر ایکشن میں آگئے۔ ملک کے مختلف شہروں میں کیبل نشریات بند کردی گئیں۔
راولپنڈی میں کیبل آپریٹرز سڑکوں پر نکل آئے اور ڈی ٹی ایچ نیلامی کیخلاف شدید احتجاج کیاجبکہ شہر بھر میں کیبل کی نشریات کو بھی بطور احتجاج بند کردیا گیا۔
کوئٹہ میں کیبل آپریٹرایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ببرک خان نے پریس کانفرنس کی اور ڈی ٹی ایچ کی نیلامی فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔
کیبل ایسوسی ایشن رہنماؤں کی اپیل پر کراچی میں کیبل کی نشریات بند کردی گئیں،حیدرآباد،سکھراور لاڑکانہ سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی کیبل بند کردیا گیا۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی صورتحال ایسی ہی رہی۔ملتان،فیصل آباد،حافظ آبادسمیت متعدد شہروں میں نشریات بند کردی جبکہ گوجرانوالا،منڈی بہاؤالدین اوررحیم یار خان میں بھی کیبل نشریات معطل کردی گئی۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی کیبل نشریات کو بند کرادیا گیا۔کیبل آپریٹرز رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پیمرا کی جانب سے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے تک کیبل نشریات بند رہیں گی۔