کشمیروں کی حمایت سےکبھی دستبردارنہیں ہوں گے ،نوازشریف

اپ ڈیٹ 24 نومبر 2016 09:58am

اسلام آباد:وزیراعظم نواز شریف نے عالمی برادری اوربھارت پرواضح کردیا کہ کشمیریوں کی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اعلی قیادت کا اہم اجلاس ہوا ،جس میں بھارتی جارحیت،جانی نقصان اورمسافر وین پرفائرنگ کے بعد کی صورتحال پر غورکیا گیا،وزیراعظم کو ڈھڈنیال سیکٹر ، سمیت ایل او سی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے کہاکہ  مسافروین اورایمبولنس پرفائرنگ انسانی حقوق قوانین کی خلاف ورزی ہے ،شہریوں پربھارتی فائرنگ اورایل اوسی کی بگڑتی صورتحال کنٹرول کرنے میں عالمی برادری اپنا کردارادا کرے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے،سویلین اوربچوں پرفائرنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نے پاک فوج کے شہادت پانے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ کشمیریوں کی بھرپورحمایت جاری رکھیں گے ۔

Read Comments