Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک فوج کا سولہواں سپہ سالارمقررکردیا گیا جبکہ جنرل زبیرمحمود حیات کوچیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بنادیا گیا ۔
نئے آرمی چیف کیلئے تجاویز کا سفر آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے شروع ہوا، ان کے دستخط سے سمری جی ایچ کیوسے وزارت دفاع ، وزیراعظم سیکریٹریٹ اور صدرممنوں حسین تک پہنچی، حتمی منظوری وزیراعظم نوازشریف کی صدر ممنوں حسین سے ملاقات میں دی گئی۔
صدر مملکت نے وزیراعظم کی تجویز پر لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل زبیر حیات کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی کی منظوری دے دی۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق صدر کی منظوری کے بعد وزیراعظم نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرمی چیف اور جنرل زبیر محمد حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بنادیا۔
تقرری کے اعلان کے بعد جنرل زبیرمحمد حیات اورجنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم نوازشریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور اپنی نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
بری فوج کی سنیارٹی لسٹ کے مطابق جنرل زبیرحیات پہلے نمبر تھے جبکہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا چھٹا نمبر تھا۔ ان سے پہلے لیفٹنٹ جنرل سید واجد حسین، لیفٹنٹ جنرل نجیب اللہ خان ،لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد ، لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے ہیں۔