کراچی: نجی آئل ٹینک میں آتشزدگی کے باعث 2افراد جاں بحق

شائع 27 نومبر 2016 10:44am

کراچی:کیماڑی کے آئل ٹرمینل پر موجود نجی کمپنی کے آئل ٹینک میں لگنے والی آگ کے باعث 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں،تاہم آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا۔

حکام کے مطابق حادثے کے وقت ٹینک میں ایک ہزار ٹن کیمیکل موجود تھا۔آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔

حکام کے مطابق آگ کی زد میں آکر2 افراد جاں بحق ہوگئے،جن میں سے ایک کی شناخت محمد عارف کے نام سے ہوئی ہے۔

ساٹھ فٹ بلند ٹینک میں لگنے والی آگ کی شدت کم تو ہوگئی ،تاہم آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکا۔

کے پی ٹی کے چیف فائر آفیسر کے مطابق نوے فیصد تک تیل جل چکا ہے۔تاہم ریسکیو اداروں کا کہنا ہے ان کے پاس تیل پر لگی آگ بجھانے کا کوئی انتظام نہیں۔جب تک تیل خشک نہ ہوجائے آگ پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔

بلدیہ کراچی، کے پی ٹی اور نیوی کے دس فائر ٹینڈرز آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔آگ کو دیگر آئل ٹینکرز تک پہنچنے سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Read Comments