Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
لاہور: لاہور میں گزشتہ روز اراکین پارلیمنٹ کیلئے مختص سرکاری ہاسٹل سے ملنے والی خاتون کی لاش کا مقدمہ تھانہ ریس کورس میں درج کرلیا گیا ہے۔ جاں بحق سمیعہ چوہدری ساہیوال سے منتخب ایم این اے چوہدری اشرف کی معرفت سے ہاسٹل میں مقیم تھی۔
لاہور میں سرکاری ہاسٹل چمبہ ہاؤس سے ملنے والی خاتون کی لاش کا معمہ حل نہ ہوسکا۔خاتون کو قتل کیا گیا یا موت طبعی تھی، پولیس چوبیس گھنٹوں بعد بھی گتھی نہ سلجھا سکی تاہم خاتون کے شوہر آصف محمود نے اپنی اہلیہ کے قتل کا خدشہ ظاہر کیاہے۔
خاوند آصف محمود کے مطابق مقتول سمیعہ مسلم لیگ ن کی کارکن اور ساہیوال کی رہائشی تھی جو بائیس نومبر کو حلقے کے دیگر کارکنان کے ہمراہ لاہور پہنچی، آصف کا کہنا ہے سمیعہ سے چوبیس نومبر کو ٹیلی فون پر آخری بار رابطہ ہوا اور اس کے بعد پھر کبھی بات نہ ہوسکی۔
سمیعہ چوہدری ساہیوال سے مسلم لیگ ن کے منتخب ایم این اے چوہدری اشرف کی معرفت سے سرکاری ہاسٹل میں مقیم تھی اور اسی سرکاری ہاسٹل کے کمرہ نمبر چھبیس سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی۔
دوسری جانب سمیعہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہےجس میں خاتون پر تشدد یا زیادتی کے شواہد نہیں ملے ہیں جبکہ خاتون کے جسم کے نمونے فرانزک ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے گئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے مقتول سمیعہ کی لاش ملنے کا مقدمہ تھانہ ریس کورس میں درج کرلیا گیا ہےجبکہ خاتون کے موبائل کو تحویل میں لیکر ریکارڈ کا جائزہ لیا جارہا ہےتاکہ قتل کے محرکات اور پس پردہ معاملات سے پردہ اٹھایا جاسکے۔