کراچی: فائرنگ، ڈی ایس پی ٹریفک جاں بحق، دو زخمی

شائع 27 نومبر 2016 06:06pm

کراچی :کراچی کے علاقے راشدمنہاس روڈ پرگاڑی پرفائرنگ کے واقعے میں ڈی ایس پی فیض اللہ شگری جاں بحق جبکہ ان کا محافظ اورڈرائیورزخمی ہوگئے۔

کراچی کا علاقہ گلستان جوہر،موٹرسائیکل سواروں نےراشدمنہاس روڈ پرگاڑی پرفائرنگ کردی،فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی فیض اللہ شگری شدید زخمی ہوگئے،جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا،تاہم وہ جانبرنہ ہوسکے۔

فائرنگ سے ڈی ایس پی کا محافظ اورڈرائیوربھی زخمی ہوئے۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پرپہنچی اورناکہ بندی کردی،آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ بھی موقع پر پہنچے اورواقعے کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کا ردعمل قراردیا۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ گاڑی پردونوں اطراف سے فائرنگ کی گئی ہے۔پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے تیرہ خول اکٹھے کئے ہیں جنہیں فرانسک جانچ کیلئے بھجوادیا گیاہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

Read Comments