بھارتی جارحیت کشمیرسے توجہ ہٹانے کی کوشش،آرمی چیف

شائع 02 دسمبر 2016 11:43am

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پرجوانوں کوہردم تیاررہنے کی ہدایت کردی ۔

آئی ایس پی آرکے مطابق ،جمعہ کو جنرل قمر جاوید باجوہ نے 10 کورراولپنڈی اورلائن آف کنٹرول پراگلے مورچوں کا دورہ کیا اور جوانوں وافسروں کےساتھ ملاقات کی ۔

 آرمی چیف نے 10 کور کے جوانوں کے ساتھ وقت گزارا جہاں انہیں لائن آف کنٹرول کی صورتحال، بھارتی بلا اشتعال فائرنگ، سیزفائرمعاہدے کی مسلسل خلاف وزیوں اور پاک فوج کی جوابی کارروائی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔

 آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے افسروں اورجوانوں کے بلند حوصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کی بھارتی خلاف ورزیوں پر پوری قوت سے جواب دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی فوج کے ظلم و ستم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

 سپہ سالار نے واضح کیا کہ خطے میں دیرپا قیام امن مسئلہ کشمیرکے حل سے ہی ممکن ہے، مسئلہ دونوں ممالک کے مابین کشمیری عوام کی امنگوں اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے ۔

Read Comments