پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے،سرتاج عزیز

شائع 04 دسمبر 2016 07:43am

امرتسر:مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے۔

بھارتی میڈیا مشیر خارجہ  سرتاج عزیز کی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے امرتسر آمد کو اہمیت دے رہا ہے ۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق ،سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ  ان کی بھارت میں موجودگی  اس بات کا  ثبوت ہے کہ پاکستان  خطے میں امن کا خواہشمند ہے  اور دو طرفہ معاملات پر نئی دہلی سے  بات چیت کیلئے ہر وقت تیار ہے۔

بھارتی حکام نے اگر اس ضمن میں خواہش کا اظہار کیا تو وہ ضرور بات چیت  کیلئے دستیاب ہوں گے ۔

 مشیر خارجہ کا ایک سوال کے جواب میں  کہنا تھا کہ وہ ہارٹ آف ایشیا کے فورم پر کشمیر سمیت دو طرفہ تنازعات پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتے چونکہ یہ فورم خالصتا  افغانستان  میں امن اور سلامتی کے امور سے متعلق ہے لہذا ان کی خواہش ہے کہ وہ خطے میں امن اور سلامتی کی ہر کوشش کا ساتھ دیں ۔

سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہش مند ہے اور امن بات چیت سے ہی ممکن ہے تمام ایشوز کا حل مذاکرات  سے ہی نکلے گا اگر بھارت تیار ہے تو ہم بھی تیار ہیں جب ہم ملیں گے تو دہشت گردی کا موضوع بھی جامع مذاکرات کا ایک حصہ ہوگا۔

دوسری جانب بھارتی اخبار نے ایک سنیئر بھارتی افسر کے حوالے سے کہا ہے کہ  ہارٹ آف ایشیا کے فورم پر پاک بھارت حکام کی دو طرفہ ملاقات کا کوئی امکان نہیں  ۔

Read Comments