Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
لاہور:1971کی جنگ کے ہیرو میجر شبیر شریف نشان حیدر کا 45واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے۔
میانی صاحب قبرستان لاہور میں میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے یوم شہادت کی تقریب ہوئی،سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی،اس موقع پر پاک فوج کے دستے نے مزار پرسلامی پیش بھی پیش کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میجر شبیر شریف کی ہمشیرہ نجمی کامران کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ ایک بھائی شہید اور دوسرا غازی ہے۔
اس موقع پر شبیر شریف شہید کے صاحبزادے تیمور شریف کا کہناتھا کہ کتابوں اور میڈیا سے انہوں نے اپنے والد کی قربانیوں کی داستانیں سنیں۔
میجر شبیر شریف شہید نے فرنٹیر فورس رجمنٹ میں اپنی خدمات سرانجام دیں اور ستارہ جرآت کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ جنگ ستمبر میں انہوں نے سلمانکی کے مقام پر بزدل دشمن کا مقابلہ کیا، دشمن کو کئی محاذوں پر پسپا کیا اور 6 دسمبر کو دفاع وطن کےلئے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
دفاع وطن کیلئے ان کی لازوال خدمات کے صلہ میں انہیں نشان حیدر سے نوازا گیا۔تقریب کے دوران مزار اور قبرستان کے گرد سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات رہے۔