بلاول نے بھی لانگ مارچ کی دھمکی دے دی

شائع 06 دسمبر 2016 04:07pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر چار مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ستائیس دسمبر کو لانگ مارچ کا اعلان کیا جائے گا، دو ہزار اٹھارہ میں معلوم نہیں نوازشریف جیل میں ہوں گے یا سعودی عرب۔

بلاول ہاوس لاہور میں وسطی پنجاب کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ شریف برادران کی آخری باری ہے، دو ہزار اٹھارہ میں نہ کوئی شریف یا شریف کہنے والا رہے گا۔ اگر پیپلز پارٹی کے چار مطالبات نہ مانے گئے تو ستائیس دسمبر کو لانگ مارچ کا اعلان کر دیا جائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ رائے ونڈ کی خارجہ پالیسی نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کردیا ہے۔ریاست نے کان بند کر رکھے ہیں، رائے ونڈ کی حکومت میں اقلیتوں پر تشدد کیا جارہا ہے، لوڈشیڈنگ کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ چار نکات سے متعلق کمیٹی بنا رہے ہیں جو معاملات کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جس لیڈر پر الزام لگا اس کا احتساب کیا گیا لیکن ہمارے وزیراعظم قطری شہزادے کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ پاناماکرپشن اسکینڈل نے وزیراعظم کو دبوچ رکھا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ضیاء الحق کی باقیات آج تک چل رہی ہیں، پاناما لیکس دنیا کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، آئندہ میری پوری سیاست لاہور کے اندر ہوگی۔ دو ہزار اٹھارہ میں میاں نواز شریف جیل میں ہوں گے یا سعودی عرب میں، اس کا علم نہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ زمینیں بنجر ہو رہی ہیں اور فیکٹریوں پر تالے لگ رہے ہیں، تیل کی قیمتوں میں کمی کا بھی فائدہ عوام کو نہیں پہنچ رہا۔

Read Comments