حویلیاں کے قریب پی آئی اےطیارہ گرکر تباہ،47 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2016 08:08am

ایبٹ آباد:چترال سے اسلام آباد جانے والا  پی آئی اے کا طیارہ حویلیاں کے قریب پہاڑوں پر گر کر تباہ ہوگیاجس کے نتیجے میں تمام 47افراد جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق، جاں بحق افراد میں 42مسافر اور عملے کے 5ارکان بھی شامل ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں جنید جمشید ،ان کی اہلیہ اور چترال کے ڈپٹی کمشنر اسامہ وڑائچ بھی شامل ہیں۔

پی آئی اے کے طیارے پی کے 661نے چترال ایئرپورٹ سے اسلام آباد کیلئے 3بج کر 50منٹ پر اڑان بھری ،پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو جہاز کے ایک انجن کی خرابی کی اطلاع دی۔

حویلیاں کے قریب 4بج کر 40منٹ پر جہاز کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہوگیا،طیارہ رڈار پر نظر آنا بھی بند ہوگیا۔

جس کے بعد اطلاع ملی کہ طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا  ،امدادی ٹیموں نے حویلیاں کے پہاڑوں پر جہاز کا ملبہ تلاش کرلیا ، جس میں آگ لگی ہوئی تھی۔

سیکریٹری ایوی ایشن کے مطابق حادثہ جہاز کے انجن میں خرابی کے باعث پیش آیا۔

حادثے کے باعث مرنے والے مسافروں میں 31مرد، 9 خواتین اور 2شیر خوار جب کہ عملے کے 3پائلٹس، 2ائیرہوسٹس اور دو ائیر گارڈ بھی شامل ہیں۔


https://www.youtube.com/watch?v=7YNlHeVl7KA&feature=youtu.be

 

Read Comments