عمران خان پر توہین پارلیمنٹ کا الزام

شائع 09 دسمبر 2016 02:58pm

اسلام آباد: مسلم ليگ ن کے رہنما  پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پارلیمنٹ کی توہین کے مرتکب بھی ہوتے رہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات  پرویز رشید نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاناما کیس میں آج عمران خان نے اپنی عادت کے مطابق یو ٹرن لیا ہے۔ عوام اب ان کی کسی بات پر یقین نہیں رکھتے۔ کمیشن بنانے کا مطالبہ خود عمران خان کا تھا۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ  تحریک انصاف نے قانونی دلیل پیش کرنے کے بجائے دھمکی دی۔ سپریم کورٹ پاکستان کا ایک آئینی ادارہ ہے جبکہ عمران خان پارلیمنٹ کی توہین کے مرتکب بھی ہوتے رہے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ کیس اسی دن ختم ہو گیا تھا جس دن عمران کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے۔ عمران خان نے آج راہ فرار اختیار کی اور  سات ماہ عوام کا وقت برباد کیا۔ بے نظیر، پرویز مشرف کی طرح عمران خان بھی ناکام ہوں گے۔ کپتان نے بے بنیاد الزامات لگا کر کیچڑ اچھالی۔

اس موقعے پر مسلم لیگ ن کی رہنما انوشہ رحمان نے کہا کہ عمران خان سڑکوں پر تماشا لگانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کی تقاریر پارلیمان میں عام فہم کی جانے والی تقاریر ہیں وہ ٹرائل کورٹ کی تقاریر نہیں ہیں۔

Read Comments