ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ منانے کی تیاریاں مکمل

شائع 11 دسمبر 2016 04:39pm

کراچی:ملک بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم شایان شان طریقے سے منانے کیلئے عاشقان رسول صلی الله علیہ و آلہ سلم نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں ۔

سرور کونین، رحمت اللعالمین، سرکار دو عالم ، آقائے دو جہاں کی ولادت باسعادت کا جشن منانے کیلئے ملک کا قریہ قریہ ، کوچہ کوچہ، گلی گلی سج گئی ہے ۔چہار سو ایک جشن کا سماں ہے۔کہیں چراغاں کیا جا رہا ہے تو کہیں آتشبازی نے سماں باندھ رکھا ہے۔

بستی بستی محسن انسانیت کی آمد کی خوشیاں منانے کیلئے عاشقان رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

شہر شہر روشنیوں اور سبز رنگوں کی بہار ہے، عقیدت مند جگہ جگہ جلسے ، جلوس اور محافل کا انعقاد کر رہے ہیں۔

مختلف شہروں میں محافل میلاد منعقد کر کے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ذریعے ہدیہ عقیدت پیش کیا جا رہا ہےاور  درود و سلام کے پھول نچھاور کئے جا رہے ہیں۔

ملک کے بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے قصبوں اور دیہات میں بھی عاشقان رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سرور کائنات سے اظہار عقیدت و محبت کر رہے ہیں۔

عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے سلسلے میں سڑکوں، شاہراہوں اور گلی محلوں کو روشن کر دیا گیا ۔

آقائے دو جہاں کی ولادت کی خوشی میں کسی نے گلیوں کو چمکایا تو کسی نے اپنے چمن کو سجایا۔

کئی عقیدت مندوں نے بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے اپنی گاڑیوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا ہے۔

Read Comments