سانحہ بلدیہ ٹاؤن: ایف آئی اے کی ٹیم بنکاک پہنچ گئی

شائع 11 دسمبر 2016 04:54pm

اسلام آباد:سانحہ بلدیہ ٹاون کے مبینہ مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کی حوالگی کیلئے ایف آئی اے کی دو رکنی ٹیم اسلام آباد سے بنکاک پہنچ گئی ہے، تھائی حکام سے ملاقات کے بعد ٹیم ملزم کی حوالگی کا شیڈول ترتیب دے گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کو دو روز قبل انٹر پول کی جانب سے خط موصول ہوا تھا،جس میں عبدالرحمان عرف بھولا کی حوالگی کیلئے اطلاع فراہم کی گئی تھی۔

گذشتہ روز ڈپٹی ڈائریکٹر بدر بلوچ اور انسپکٹر رحمت اللہ ڈومکی کو اسلام آباد طلب کیا گیا تھا۔اسلام آباد سے آج صبح ہی ٹیم بنکاک کیلئے روانہ ہوئی۔

ذرائع کے مطابق دو رکنی ٹیم نے سانحہ بلدیہ کے حوالے سے درج ایف آئی آر درج کی۔

جوائنٹ انٹیروگیشن ٹیم کی رپورٹ اور گرفتار ملزم زبیر عرف چریا کے بیان کی انگریزی ترجمے کی نقول اپنے ہمراہ لے گئی اور پیر کی صبح انٹرپول کی مدد سے تھائی حکام سے ملاقات کریں گے۔جس کے بعد ملزم کی حوالگی اور واپسی کا شیڈیول ترتیب دیا جائے گا۔

Read Comments