ملک بھر میں عید میلادالنبیﷺ شایان شان طریقے سےمنایا جارہا ہے

اپ ڈیٹ 12 دسمبر 2016 09:02am

اسلام آباد:ملک بھرمیں عید میلاد النبی ﷺشایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے۔

سرور کونین، رحمت اللعالمین، سرکار دو عالم ، آقائے دو جہاں کی ولادت باسعادت کا جشن منانے کیلئے ملک کا قریہ قریہ ، کوچہ کوچہ، گلی گلی سج گئی،ہر جگہ جشن کا سماں ہے۔

کہیں چراغاں کیا جا رہا ہے تو کہیں آتشبازی نے سماں باندھ رکھا ہے،بستی بستی محسن انسانیت کی آمد کی خوشیاں منانے کیلئے عاشقان رسول ﷺ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ۔

شہر شہر روشنیوں اور سبز رنگوں کی بہار ہے، عقیدت مند جگہ جگہ جلسے ، جلوس اور محافل کا انعقاد کر رہے ہیں،مختلف شہروں میں محافل میلاد منعقد کر کے نعت رسول مقبول ﷺ کے ذریعے ہدیہ عقیدت پیش کیا جا رہا ہےاور  درود و سلام کے پھول نچھاور کئے جا رہے ہیں۔

ملک کے بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے قصبوں اور دیہات میں بھی عاشقان رسول ﷺ سرور کائنات سے اظہار عقیدت و محبت کر رہے ہیں۔

عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں سڑکوں، شاہراہوں اور گلی محلوں کو روشن کر دیا گیا ۔

آقائے دو جہاں کی ولادت کی خوشی میں کسی نے گلیوں کو چمکایا تو کسی نے اپنے چمن کو سجایا،کئی عقیدت مندوں نے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے اپنی گاڑیوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا ہے۔

Read Comments